ملک بھر میں ٹریول ایجنٹس نے عمرے کی بکنگ شروع کردی

ملک بھر میں ٹریول ایجنٹس نے عمرے کی بکنگ شروع کردی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں سمیت دیگر غیرملکی زائرین کو عمرہ کرنے کی اجازت مل گئی۔ٹریول ایجنٹس نے نئی بکنگ کا عمل شروع کردیا۔ جن لوگوں نے دو سال قبل عمرہ کیلئے ٹریولز ایجنٹس کو پیسے دیے تھے انہوں نے بھی ٹریولز ایجنٹوں سے دوبارہ رابطہ کرلیا۔ عمرہ کی اجازت ملنے پر کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹریولز ایجنٹس کے دفاتر میں عمرے پر جانے کے خواہش مند افراد کا رش لگ گیا۔کورونا وائرس کی وجہ سے جن لوگوں کے عمرہ ویزے رکے ہوئے تھے انہیں بھی جاری کیے جائیں گے، زائرین کو توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے جاری ہوں گے۔پاکستان سمیت دیگر ممالک سے جانے والے زائرین کو سرکاری ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا ہوگا اور سرٹیفیکیٹ کو عمرہ درخواست کیساتھ لف کیا جائے گا۔ درخواست کی منظوری سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین لگوانے سے مشروط ہوگی۔ ان ویکسینز میں موڈرونا، ایسٹرا زینیکا، فائزر اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔اگرچہ سعودی عرب نے چین کی تیار کردہ ویکسینز کے استعمال کی منظوری نہیں دی، مگر چینی ویکسین کے بعد منظور شدہ ویکسینز میں سے کسی ایک کا بوسٹر شاٹ لگوانے والے بھی عمرہ کرسکیں گے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق نیا عمرہ سیزن یکم محرم سے شروع ہوگا۔ روزانہ 60 ہزار افراد کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ جانے کی اجازت ہوگی اور عمرہ زائرین کی ماہانہ تعداد 20 لاکھ کردی جائے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -