آزاد کشمیر ، پی ٹی آئی حکومت کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی دھڑے بندی کا شکار

آزاد کشمیر ، پی ٹی آئی حکومت کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی دھڑے بندی کا شکار
آزاد کشمیر ، پی ٹی آئی حکومت کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی دھڑے بندی کا شکار

  

مظفر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )آزاد کشمیر حکومت کو کابینہ کی تشکیل میں مشکلات پیش آنے لگی،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)حکومت کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی دھڑے بندی کا شکار ہوگئی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز نےذرائع کےحوالےسےبتایا ہےکہ بیرسٹرسلطان محموداورسردار تنویرالیاس کی زیرصدارت اسمبلی ارکان کے الگ الگ اجلاس ہوئے ہیں جن میں وزارتوں کی تقسیم پرقیادت کواعتماد میں نہ لینے پر تشویش کااظہار کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹرسلطان کی زیر صدارت اجلاس میں زیادہ وزارتیں لینے کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی جبکہ سینئر وزیر سردار تنویرالیاس خان کی زیرصدارت اجلاس میں کابینہ کی تشکیل  پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔سردارتنویرالیاس کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سپیکر چوہدری انوارالحق سمیت سینئر پارلیمنٹیرینزنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے وزارتوں کی تقسیم پر آزاد کشمیر کی قیادت کو اعتماد میں نہ لینے پر تشویش کا اظہارکیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ وزارتوں کی تقسیم آزاد کشمیر حکومت اور وزیر اعظم کا اختیار ہے اور آزاد کشمیر کی قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر وزارتوں کی تقسیم قبول نہیں کی جائیگی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کابینہ کی تشکیل میں کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے،حقیقی پارٹی ورکراوراہل افرادکوکابینہ میں شامل کیا جائے گا تاکہ کشمیری قوم نے تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان سے جو امیدیں وابستہ کی ہیں انہیں پورا کیا جا سکے،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی ،بےروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے،سیاحت  کے فروغ کے لئے ہمیں بڑی محنت کرنا ہو گی، وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،وہ کسی بھی ایسی بات کو قبول نہیں کریں گے جس سے کشمیر کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہو ۔

ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ مشاورت کا عمل جاری ہے ،چند روز میں کابینہ کی تشکیل کا مرحلہ بھی خو ش اسلوبی سے مکمل ہو جائے گا ،جن افراد نے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو نقصان پہنچایا اور جنہوں نے دن رات محنت کر کے تحریک انصاف کو انتخابات میں کامیابی دلائی وہ چہرے نہ تو وزیراعظم عمران خان بھولے ہیں اور نہ ہی کشمیری قوم ۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -