محرم الحرام میں امن کا قیام ، صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن شاہ نے واضح اور دوٹوک پیغام دے دیا 

محرم الحرام میں امن کا قیام ، صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن شاہ نے واضح ...
محرم الحرام میں امن کا قیام ، صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن شاہ نے واضح اور دوٹوک پیغام دے دیا 

  

نارووال (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماءکرام نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے،محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بھی بھائی چارے اور رواداری کی فضاءکو پروان چڑھانے میں علماءکرام اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں ، محرم الحرام کے موقع پرضلعی انتظامیہ، پولیس تمام سرکاری اداروں او ر ضلعی و تحصیل امن کمیٹیوں سے مل کر تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کرے،کسی بھی شرانگیزی،فرقہ واریت اورمذہبی منافرت کوہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 اس امر کا اظہار صوبائی وزیر اوقاف نے نارووال میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی،راستوں میں روشنی،صفائی، نکاسی آب سمیت دیگر انتظامات بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان،ڈی پی او سید اکبر علی شاہ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حنیف،عائشہ غضنفر،اسسٹنٹ کمشنرزعثمان سکندر،عرفان مارٹن،عثمان اکرم،سی ای او ڈاکٹر خالد جاوید،ڈی او ڈاکٹرمحمد طارق،ڈی ایس پی ٹریفک فوزیہ،سی ڈی او عاصم ریاض،سی اوز میونسپل کمیٹیزو دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نےبتایا کہا کہ ضلع کی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم  قائم کیاگیا ہے جہاں سے حساس جلوسوں، مجالس کی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں سے لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ جلوس کی گزرگاہوں میں صفائی ستھرائی اور بجلی کی لٹکتی تاروں کے لیے ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ڈی پی او سید اکبر علی شاہ نے بھی صوبائی وزیر اوقاف کو ضلع بھر میں منعقدہ جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر اوقاف نے کہاکہ محرم الحرام میں غیر ملکی امن دشمن قوتیں فرقہ وارایت کی آگ بھڑکانے کے مذموم ایجنڈا کی تکمیل کیلئے متحرک ہو جاتی ہیں، ایسی قوتوں کے خلاف ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اور مثالی اتحاد پیدا کرتے ہو ئے مسلسل چوکنا رہنا ہو گا، بالخصوص ہمسایہ ملک افغانستان میں موجودہ حالات کے تناظر میں تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے سوشل میڈیا اور امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہو گی۔

انہوں نےکہاکہ تمام مسالک کےجیدعلماءکرام مکمل ہم آہنگی اوربھائی چارے کے ساتھ قیام امن کی حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں، کسی بھی شرانگیزی،فرقہ واریت اورمذہبی منافرت کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا،سوشل میڈیا کو  بالخصوص ملکی قوانین کے تابع بنانے کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور نفرت  انگیز پوسٹ‘ مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق فوری ایکشن سے بہتر نتائج حاصل ہو ں گے، انہوں نےکہاکہ آلِ رسولﷺ کی محبت ہمارے ایمان کالازمی جزوہے،جسکاپہرہ دینا ہمارا اولین فرض ہے، تمام مسالک کے علماءمل کرایسی تمام قوتوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائیں گے جو امت مسلمہ کی صفوں میں انتشار اور تفرقہ پیدا کرنا چاہتے  ہیں ۔

وزیر اوقاف نےمتعلقہ کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اورجلوس کےروٹس پرپیچ ورک اورلائٹس کا کام جلد مکمل کریں تا کہ عزا داروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،تمام مجالس میں کورونا ایس او پیز کو بھی سختی سے ملحوظ خاطر رکھا جائے،سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال لازمی ہو گااورکسی بھی عزا دارکو ماسک کےبغیرجلوسوں یا مجالس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائےگی ،کورونا ویکسی نیشن بھی ضروری ہوگی ۔

انہوں نے سی اوزمیونسپل کمیٹیز کو مزید ہدایت کی کہ وہ جلوسوں اور مجالس کےراستوں سےتجاوزات کا خاتمہ بھی کروائیں ،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات کومکمل کریں اور تجاوزات،لائٹس اور پیچ ورک کا کام جلد مکمل کروائیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -نارووال -