ازبکستان کیساتھ معاہدوں سے زراعت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ، عامر میر 

ازبکستان کیساتھ معاہدوں سے زراعت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ، عامر میر 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں وفد کے ازبکستان کے تین روزہ دورہ کے دوران باہمی تعاون کے کئی ایک معاہدے ہوئے ہیں جن سے پنجاب کی زراعت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،زراعت کو قومی معیشت میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور حکومت نے زراعت کے ذریعے معیشت کی بحالی کا پلان بنایا ہے ،کپاس سے اربوں ڈالر کا زرِمبادلہ حاصل ہوتا تھا،بد قسمتی سے کپاس کی پیداوار میں کمی ہو رہی تھی ،نگران حکومت نے کپاس کی پیداوار دو گنا کرنے کا پلان بنایا جس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے ،از بکستان میں پنجاب کی نسبت کپاس کی تین گنا فی ایکڑ زیادہ پیدا وار حاصل ہو تی ہے ، اسی لیے پنجاب کا وفد ازبکستان کے ماڈل کا جائزہ لینے کیلئے گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے ۔ انشاءاللہ کپاس کی بھی بہتر فصل حاصل ہو گی ۔ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں از بکستان جانے والے وفد میں ان تین ڈویژنوں کے کمشنر ز بھی شامل تھے جہاں کپاس کی زیادہ فصل کاشت ہوئی ہے۔ ہر فصل کی چار ماہ پہلے پلاننگ کرنا ہوتی ہے اور موجودہ حکومت نے اسی پلاننگ کی روشنی میں اقدامات کیے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے زراعت کے ذریعے معیشت کی بحالی کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔گزشتہ برس پنجاب میں کپاس کی 3.2ملین گانٹھیں حاصل ہوئیں اور اس برس 8.5ملین گانٹھیں حاصل ہوںگی جبکہ پاکستان میں 12ملین گانٹھ کپاس کی پیداوار ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ کا گزشتہ ایک سال سے اجلاس ہی نہیں ہوا تھا ۔ موجودہ حکومت نے اس کا اجلاس منعقد کیا جس میں 40نئے زرعی تحقیق کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح پنجاب سیڈ کونسل کا بھی گزشتہ دو سال سے اجلاس نہیں ہوا تھا۔ موجودہ حکومت نے پنجاب سیڈ کونسل کا اجلاس بلایا جس میں 54نئی اجناس کی منظور ی دی گئی اور اب اس کا اجلاس ہر3 ماہ بعد با قاعدگی سے ہو گا ۔ انہوںنے کہاکہ آبپاش پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیںاور پانی چوری کی روک تھام اور فصلوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے سیٹلائٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے سے دونوں جانب کی زراعت پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے ۔ انہوںنے کہا کہ خطہ پوٹھوہار میں 58ڈیمز بنائے گئے ہیںاور ان سب ڈیمز کو جلدآپریشنل کر دیا جائے گا۔ 
عامر میر

مزید :

صفحہ آخر -