فنی تعلیم کا فروغ خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے ، احسان بھٹہ
ملتان(سٹی رپورٹر)سکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ معیاری فنی تعلیم کا فروغ پاکستان کے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے اس لیے ٹیوٹا کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں میں معیاری تکنیکی اور ووکیشنل تریبت پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے سنٹرل آف ایکسیلینس مغل پورہ میں تربیتی پروگرام کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں اساتذہ اور محکمہ(بقیہ نمبر44صفحہ6پر )
صنعت وتجارت کے اہلکاروں کے لئے شاندار تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے ان کی استعداد کار بڑھے گی اور ٹیوٹ کا معیار بہتر ہوگا۔ ایڈیشنل سیکرٹری کامرس زوہیب مشتاق نے تربیتی پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام سکلز گیپ کو ختم کرنے اور ٹیکنالوجی گرایجویٹس کی صلاحیتوں میں نکھار لانے میں معاون ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ سیکرٹری صنعت وتجارت کی ہدایت پر ٹیوٹا نے جی آئی زیڈ کے زیر اہتمام سنٹرل آف ایکسیلینس مغل پورہ میں محکمہ کے اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مختلف پروگرام شروع کررکھے ہیں۔ پروگرام کے پہلے دن ایڈیشنل سیکرٹری کامرس زوہیب مشتاق، ڈائریکٹر ایس پی یو ابوبکر سلمان، ڈپٹی سیکرٹری کامرس ابوبکر زبیر اور ڈائریکٹر ٹریننگ ٹیوٹا محترمہ امبر افضال چٹھہ اور دوسرے سینئر اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پہلے دن محکمہ صنعت وتجارت کے مختلف ذیلی اداروں کے اہلکاروں کو تربیت دی گئی۔
