سائفر سے متعلق امریکی ویب سائٹ کی رپورٹ پر تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سائفر سے متعلق امریکی ویب سائٹ کی رپورٹ نے عمران خان کی صداقت کو مزید مستحکم کردیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سائفر کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کا عدالتی کمیشن قائم کیا جائے، عدالتی کمیشن سائفر کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور بعد ازاں اس کے نتائج کو منظر عام پر لائے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ رپورٹ کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی حکومت کا تختہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے الٹایا گیا جو ایک سازش تھی۔
واضح رہے کہ امریکی ویب سائٹ دی انٹرسیپٹ نے سائفر کے متن کو شائع کرتے ہوئے خبر میں لکھا کہ اس سائفر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے پیچھے امریکی دباؤ کارفرما نظر آتا ہے کیونکہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کردیا جائے گا۔
