معمر میاں بیوی کو یرغمال بناکر رقم اور جائیداد لوٹنے والے ملزمان گرفتار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معمر میاں بیوی کو یرغمال بناکر جائیداد اور بنک بیلنس ہتھیانے والے پراپرٹی ڈیلرز کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نےنیوزکانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معمر شہری افتخار احمد اور انکی اہلیہ نے 2 پلاٹس فروخت کرنے کیلئےعدنان نامی پراپرٹی ڈیلرسے رابطہ کیا، ملزم نے معمر میاں بیوی کی مالی حیثیت کا اندازہ لگاکر واردات کا منصوبہ بنایا اور تین ساتھیوں کے ہمراہ میاں بیوی کو اغواء کرکے جائیداد اپنے نام کروائی. ملزمان نے مغوی شہری کی اہلیہ کو یرغمال بناکر زبردستی بینک سے 80 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروائے ، ماڈل ٹاؤن میں مغوی میاں بیوی کے گھر سے کاغذات وصولی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مغوی میاں بیوی سے خودکشی کے خط بھی لکھوائے تاکہ انہیں قتل کرکے خودکشی کا رنگ دیا جاسکے. فرار ہونے والے دو ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں کی جارہی ہیں ، گرفتار ملزمان سے متاثرین کی رقم بھی برآمد کروائی جاچکی ہے ۔