وزارت تجارت نے برآمدات میں اضافے کےلئے حکمت عملی پرکام تیز کردیا
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت تجارت نے برآمدات میں اضافے کےلئے جامع حکمت عملی پرکام تیز کردیا ہے۔ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ملکی برآمدات میں اضافے کےلئے مصنوعات کے معیارکی کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں صنعتی شعبے کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے بعد گیس کی فراہمی کےلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے یورپی یونین سمیت مختلف ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں روزگارکے مواقع بھی بڑھیں گے۔ اس وقت ملکی مجموعی برآمدات میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کا حصہ 14ارب ڈالر ہے جبکہ صرف فیصل آباد سے 7 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں۔ بجلی اورگیس کی فراہمی سے ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں کی پیداوارمیں بھی اضافہ ہوگا۔