فیس بک کی 20 سالہ بھارتی خاتون کوسوا2 کروڑسالانہ تنخواہ پر ملازمت کی پیشکش
جے پور (اے پی پی) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ”فیس بک“ نے 20 سالہ بھارتی خاتون صارف کو2 کروڑ10 لاکھ سالانہ تنخواہ پر ملازمت کی پیش کش کردی۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق استھا اگروال2009ءسے فیس بک استعمال کررہی ہیں۔ وہ فیس بک کے ذریعہ آذربائیجان میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل جونیئر سائنس اولمپیاڈ میں شرکت کے موقع پر متعارف ہونے والے اپنے دوستوں سے رابطہ رکھتی ہیں۔ وہ ممبئی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے سافٹ ویئر انجینئر کا کورس کررہی ہیں اور اس وقت ان کا آخری سمسٹر جاری ہے۔ ان کے والد ایک ٹرانسمیشن کمپنی میں ایگزیکٹو انجینئر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ استھا اگروال نے بتایا کہ انہیں فیس بک اس لئے بھی اچھی لگتی ہے کہ اس کے ملازمین کی تعداد نسبتاً کم ہے اورکم ملازمین والے ادارے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فیس بک کے بانی مائیکل زوکر برگ کی یہ عادت بھی پسند ہے کہ وہ چوائس پر وقت ضائع کرنے سے بچنے کےلئے روزانہ ایک ہی طرح کی شرٹ پہنتے ہیں۔
استھا اگروال آئندہ سال اکتوبر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ تنخواہ کے ساتھ ساتھ ان کو بونس اور دیگرمراعات بھی دی جائیں گی۔