سکھر‘میرپورخاص اور دادوکے چیمبرزکامیاں انجم نثارکی حمایت کا اعلان

سکھر‘میرپورخاص اور دادوکے چیمبرزکامیاں انجم نثارکی حمایت کا اعلان

لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن میں سکھر ، میر پور خاص اور دادو کے ایوانہائے صنعت و تجارت کے عہدیداروں اور جنرل باڈی ممبرا ن نے بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔سکھر کے بزرگ بزنس لیڈر منور خاں کی دعوت پر میاں انجم نثار لاہور چیمبر کے سابقہ صدور اورایگزیکٹوممبران کے ساتھ سکھر پہنچے جہاں ان کا شانداراستقبال کیاگیا ۔ اس موقع پر سکھر چیمبر کے مہیش کمار اور جنرل باڈی ممبر محمد رضوان الحق جبکہ میر پور خاص چیمبر آف کامر س اینڈ انذسٹری کے عبدالحالق خاں اور فیڈریشن جنرل باڈی ممبر مرزا اعظم بیگ کے علاوہ دادو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عزیز الرحمان راجپوت اور جنرل باڈی ممبر عثمان دادا بھائی نے اپنے گروپ لیڈر منور خاں کی سربراہی میں اعلان کیا کہ وہ فیڈریشن کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار کی حمایت کریں گے ۔ اپنے خطاب میں بزنس لیڈر منور خاں نے کہا کہ میاں انجم نثار ایک کامیاب بزنس مین ہی نہیں بلکہ کامیاب بزنس لیڈر بھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے اعزاز کی بات ہے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں میاں انجم نثار کی فیملی ٹیکس ڈائریکٹری کے پہلے دس نمبروں میں شامل ہے ۔

منور خاں نے کہا کہ میاں انجم نثار فیڈریشن کو صحیح معنوں میں کاروباری طبقہ کے اتحاد و اتفاق کی طاقت بنائیں اور کاروباری ضرورتوںکو ارباب اقتدار سے پورا کرائیں گے کیونکہ میاں انجم نثار نے سرکار سے کوئی نوکر ی حاصل کرنی ہے اور نہ ہی ذاتی اغراض کے پیچھے دوڑنا ہے - اس موقع پر مہیش کمار اور دوسرے بزنس لیڈرز نے بر ملا کہا کہ میاں انجم نثار سچے اور کھرے بزنس لیڈر ہیں ان کی موجودگی میں کسی اور کو ووٹ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔اس طرح سکھر میر پور خاص اور دادو کے ایوانہائے صنعت و تجارت کے عہدیداروں اور فیڈریشن جنرل باڈی ممبران نے تالیوں کی گونج میں متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار کو وو ٹ دے کر کامیاب کرائیں گے ۔ اس موقع پر میاں انجم نثار نے منور خاں اور دوسرے بزنس لیڈرز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے شاندار استقبالیہ اور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔دریں اثنا فیڈریشن کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار اور پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے گھیراو جلاو تحریک چلانے والے سیاست دانوں سے ملک و قوم کے نام اپیل کی ہے کہ ملکی صنعت و تجارت کو اپنی تحریک کا ایندھن نہ بنائیں۔ ملک کے کروڑوں دوکاندار اور کاروبار سے وابستہ افراد بھی پاکستان کے شہری اور ووٹر ہیں ۔ بزنس لیڈرز نے کہا ہے کہ جس کی دوکان جل جائے گی۔ کاروبار ختم ہو جائے گا اندیشہ ہے کہ اسے سیاست اور سیاست وانوں سے نفرت نہ ہو جائے اس لیے حکومت سے اختلاف کرنے والے سیاست دان بازار اور منڈیاں زبردستی بند کرانے اور جلانے کی بجائے ڈائیلاگ اور عدلیہ کے ذریعے اپنے مسائل کا حل نکالیں۔

مزید : کامرس