لاہورچیمبرکی جانب سے ایرانی وزیرخزانہ کی آمدکاخیرمقدم

لاہورچیمبرکی جانب سے ایرانی وزیرخزانہ کی آمدکاخیرمقدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایران کے وزیر برائے معاشی امور و خزانہ علی طیبنیا کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ ایک بیان میں میاں نعمان کبیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو تجربات کا تبادلہ کرنا چاہیے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کا حجم برادرانہ تعلقات کی صحیح عکاسی نہیں کرتالہذا باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران سنگل زیادہ سے زیادہ کنٹری نمائشوں کا انعقاد اور تجارتی وفود کا تبادلہ کریں ۔جس سے دوطرفہ تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درآمد اور برآمد کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ،آئل اینڈ گیس، ہائیڈل اینڈ کول بیسڈ انرجی پراجیکٹس ، پیپر اینڈ پیپر بورڈ، شوگر، سیمنٹ، کیمیکلز، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن اور تعمیرات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو فروغ دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے جو ہر قسم کے موسم اور نعمتوں سے مالامال ہے لیکن پوسٹ ہارویسٹ ٹیکنالوجی کے فقدان کی وجہ سے بیشتر زرعی پیداوار ضائع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ٹیکنالوجی اِس ضیاع کو روکنے میں بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر میں مشہور ہیں مگر انہیں ایرانی مارکیٹ میں صحیح طریقے سے متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کا حجم ہمیشہ ایران کے حق میں رہا ہے جسے برابری کی سطح پر لانے کی ضرورت ہے۔

مزید :

کامرس -