امریکی اتحادیوں کا عراق میں جہادیوں کیخلاف ڈیڑھ ہزار فوجی فراہم کرنے پر اتفاق

امریکی اتحادیوں کا عراق میں جہادیوں کیخلاف ڈیڑھ ہزار فوجی فراہم کرنے پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کویت سٹی (آن لائن)امریکی اتحادیوں نے تقریبا ڈیڑھ ہزار سکیورٹی اہلکار عراق بھیجنے پر اتفاق کیا ہے جو وہاں جہادیوں کے خلاف لڑائی میں بغداد حکومت کی مدد کریں گے۔ یہ بات ایک امریکی جنرل نے بتائی ہے۔امریکی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جیمز ٹیری نے کویت سٹی میں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ امریکی قیادت میں قائم اتحاد کے ارکان نے گزشتہ ہفتے اس حوالے سے ابتدائی وعدے کیے تھے، جن کے نتیجے میں تقریبا ڈیڑھ ہزار فوجی عراق جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں وہ ملکی فوج کو تربیت دیں گے اور اس کی معاونت کریں گے۔ فرا نسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس پیش رفت سے شام اور عراق میں تباہی پھیلانے والے دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے خلاف بین الاقوامی مہم کی وسعت کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس جہادی گروہ نے ان دونوں ملکوں کے کئی علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ اس سے قبل امریکا اپنے تین ہزار ایک سو فوجی بھیجنے کا اعلان کر چکا ہے۔تا ہم امریکی جنرل نے اس بات کا اشارہ نہیں دیا کہ اتحاد میں شامل کون سے ملک یہ سکیورٹی اہلکار فراہم کریں گے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر بھی نہیں کیا کہ ان میں کتنے فوجی ہوں گے۔ٹیری نے کہا کہ دو اور تین دسمبر کو ہونے والی اتحادی نمائندوں کی ملاقات کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔انہوں نے کہا: ’’ہم اس مقصد کے لیے ابھی کام کر رہے ہیں۔ میں انہیں وقت دینا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ملکوں کو جائیں اور وہاں تفصیلات طے کریں۔‘‘آئی ایس کے جہادیوں کے خلاف اس اتحاد میں مغربی اور عرب ریاستیں شامل ہیں۔ تقریبا ڈیڑھ ہزار امریکی فوجی پہلے سے ہی عراق میں موجود ہیں جو وہاں امریکی سفارت خانے کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ عراقی فوج اور کرد فورسز کی مشاورت کا کام بھی کر رہے ہیں۔۔ ٹیری آئی ایس گروہ کے خلاف جنگ کے نگران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراقی فورسز کی اہلیت بتدریج بہتر ہو رہی ہے تاہم انہیں ایک بڑی لڑائی کی صلاحیت کو پہنچنے میں ابھی مہینوں لگیں گے۔انہوں نے کہا: ’’انہیں ابھی بہت کام کرنا ہے پھر بھی میں سمجھتا ہوں کہ وہ ہر گزرتے دِن کے ساتھ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت ہو رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آٹھ اگست سے اب تک عراق اور شام میں جہادی اہداف پر بارہ سو سے زائد فضائی حملے کیے جا چکے ہیں اور اب اسلامک اسٹیٹ دباؤ میں ہے۔

مزید :

عالمی منظر -