مزدوروں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی مفت فراہمی کےلئے عملی اقدامات کررہے ہیں ، اشفاق سرور

مزدوروں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی مفت فراہمی کےلئے عملی اقدامات کررہے ہیں ، ...

لاہور ( خبرنگار) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تحفظ یافتہ صنعتی کارکنوں اور مزدوروں کے بچوں کو میڈیکل اور دیگر علوم کی اعلیٰ تعلیم کی مفت فراہمی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے ۔مزدوروں کے میرٹ پر پورا اترنے والے بچوں اور بچیوں کو ادارہ سوشل سکیورٹی پنجاب سے منسلک میڈیکل کالجز میں مفت تعلیم کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی (PESSI)ہیڈ کوارٹر میں پنجاب بھر کے تحفظ یافتہ صنعتی کارکنوں اور مزدوروں کے میرٹ پر آنے والے ہونہار بچوں اور بچیوں میں ادارے سے منسلک میڈیکل کالجز میں داخلے کی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر سوشل سکیورٹی عشرت علی، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر ناصر جمال پاشا، ڈین یونیورسٹی کالج شاہد ملک کے علاوہ محکمہ محنت کے اعلیٰ افسران اوربچوں کے والدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر صنعتی کارکنوں کے بچوں حاجرہ نور، قرة العین، منال طارق ، اقراءشوکت، سائرہ حنیف اور ثوبیہ نعیم جبکہ ایک طالب علم عمیر سلیم میں داخلے کی اسناد تقسیم کئے۔ ان طلبا و طالبات کو یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹیسٹری لاہور، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اسلام آباد اور اسلام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سیالکوٹ میں میڈیکل کی تعلیم بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔

 راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر میڈیکل کالجز میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبا اور طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود خاص طور پر بچوں اور بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے شاندارتعلیمی سہولیات فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صنعتی کارکن اور ورکرز خود کو سوشل سکیورٹی سہولیات کے حصول کے لیے ادارہ سے رجسٹرڈ کروائیں تاکہ مزدوروں کے ہونہار اور لائق بچے بھی اعلیٰ اور جدید تعلیم کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا مستقبل روشن بنائیں۔ راجہ اشفاق سرور نے مزید کہا کہ سوشل سکیورٹی ادارے سے وابستہ میڈیکل کالجز میں مزدوروں کے زیادہ سے زیادہ بچوں کی مفت تعلیم یقینی بنانے کے لیے کوٹہ میں مزید اضافہ کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4