کرپشن فری معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی پہچان ہے،کرنل(ر) شجاع خانزادہ

کرپشن فری معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی پہچان ہے،کرنل(ر) شجاع خانزادہ

لاہور( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ کرپشن فری معاشرہ ہی ترقی یافتہ اور فرض شناس قوم کی پہچان ہے ہم سب کو چاہیے کہ بطور پاکستانی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اس ضمن میں اپنا فعال کردار ادا کریںانہوں نے یہ بات اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر وائس چیئرمین اینٹی کرپشن کمیٹی رانا اکرام ربانی، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد انور رشید کے علاوہ محکمہ سے متعلق افسران اور اہلکاران کثیر تعداد میں موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی معاشرہ کرپشن کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیکر سفارش اور کرپشن کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کئے ہیںکرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ صرف اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی ہی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کو مل جل کر اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کا خواب پورا کرنے اور مطلوبہ اہداف کے حصول میں کرپشن سب سے بڑی رکاوٹ ہے ہم بطور قوم کرپشن بارے زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کئے بغیر خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب پورا نہیں کرسکتے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد انور رشید نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا بیس اینٹی کرپشن سسٹم کا قیام اور افسران کی استعداد کار بڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں جامع حکمت عملی ترتیب دی جاچکی ہے انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے ورکشاپس، سیمینار ز اور واکس کا انعقاد کافی نہیں بلکہ اس سلسلہ میں ہم سب کو عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے محکمہ کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے جس پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ محکمہ کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

    بعدازاں صوبائی وزیر اورڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد انور رشید نے یاد گاری شیلڈز کا بھی تبادلہ کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1