شمالی وزیرستان آپریشن سے دہشتگردوں کو کاری ضرب لگی ،خطے میں امن آئے گا ،نواز شریف
اسلام آباد(اے این این)وزیر اعظم نوا ز شریف نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن میں دہشتگردوں پر کاری ضرب لگائی گئی،ضرب عضب کے نتائج سے پورے خطے میں امن آئے گا، حکومت متاثرین کا مکمل خیال رکھے گی، گھر افراد کی واپسی پر انہیں بہتر ماحول اور پرامن علاقہ فراہم کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی شام وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان، وفاقی وزراءاسحاق ڈار، عبدالقادر بلوچ، وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سمیت نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اجلاس کے شرکاءکو فوجی آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت بے گھر افراد کا مکمل خیال رکھے گی، نقل مکانی کرنے والے متاثرین نے استحکام پاکستان کیلئے عظیم قربانی دی ہے اور اپنا آج قوم کے کل کیلئے قربان کیا ہے۔ حکومت نقل مکانی کرنے والے افراد کی تمام ضروریات کا خیال رکھے گی، بے گھر افراد کی واپسی پر انہیں بہتر ماحول اور پرامن علاقہ فراہم کرینگے ۔شمالی وزیرستان آپریشن میں پاک فوج کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے اس آپریشن میں مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ، قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ۔ آپریشن سے حاصل ہونے والے نتائج سے پورے خطے میں امن آئے گا۔علا وہ ازےں ایرانی وزیر خزانہ ڈاکٹر علی طیب سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے عندیہ دیا ہے کہ پاکستان ایران کے سا تھ گیس پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سنجیدہ ہے ، ایران سے بجلی کی درآمد میں بھی اضافہ کیا جائے گا، پاک ایران دو طرفہ اقتصادی تعلقات اور تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے گا۔ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات خصوصا اقتصادی شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ایران کے وزیر اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے انیسویں اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس سے نئے شعبوں میں تعاون کی راہیں کھلیں گی۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم نے ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ ای کے لئے نیک خواہشات کا اظہا رکیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم ایران پاکستان گیس لائن منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سنجیدہ ہیں اور توانائی کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ہم ایران سے بجلی کی درآمد میں بھی اضافہ کرینگے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران ایٹمی پروگرام پر عالمی مذاکرات کامیاب ہوں گے اور مثبت نتیجہ نکلے گا۔