قانون شکنی پر بلا امتیاز کاروائی ہو گی ،عوام کے جان و مال کا تحفظ کریں گے ،شہباز شریف

قانون شکنی پر بلا امتیاز کاروائی ہو گی ،عوام کے جان و مال کا تحفظ کریں گے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                            لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔ صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون کی عملداری یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ فیصل آباد میں فائرنگ کے باعث قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر دلی افسوس ہوا ہے۔فائرنگ کے ذمہ دار افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والے افراد کی فی الفور گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے ۔ فیصل آباد میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انصاف کے تقاضے ہر قیمت پر پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس اور انتظامیہ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے اور پولیس اور انتظامیہ موثر اور فعال انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ قانون شکنی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں فیصل آباد میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے فیصل آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزراءکرنل (ر) شجاع خانزادہ، بلال یاسین، ایم این اے حمزہ شہباز، ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -