15ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 13 ارب 15کروڑ روپے کی منظوری

15ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 13 ارب 15کروڑ روپے کی منظوری

لاہور(کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2014-15 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے ستائیسویں خصوصی اجلاس میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی 15ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 13 ارب 15کروڑ 9 لاکھ 28 ہزار روپے کی منظوری دی ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمد عرفان الٰہی نے کی جبکہ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم اجمل چوہدری سمیت دیگر متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے ستائیسویں اجلاس میں جن 15 ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں جاپان انٹرنیشنل کواپریشن ایجنسی کے ساتھ غیر رسمی تعلیم پروموشن پروجیکٹ کے لیے 19 کروڑ 10 لاکھ 49 ہزار روپے ، لٹریسی کے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی تشخیص (پی سی ٹو) 5 کروڑ روپے ، لیہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے بہادر ذیلی کیمپس کی عمارت کی توسیع کے لیے35 کروڑ 46 لاکھ 72ہزار روپے، ایمرجنسی سروس کی تحصیلوں تک توسیع کا قیام (فیز ٹو) 1 ارب 9 کروڑ 9 ہزار روپے ، پنجاب واٹر اینڈسینی ٹیشن اکیڈ می لاہور کے لیے 67 کروڑ 32 لاکھ 51 ہزار روپے ، پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایس اینڈ جی اے ڈی کے آرکائیو ونگ کے لیے عمارت کی تعمیر 27 کروڑ 79 لاکھ 72 ہزار روپے ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سمندری راجاناٹوبہ ٹیک سنگھ روڈ کو دو رویہ کرنے کے لیے 3 ارب 17 کروڑ 81 لاکھ 45 ہزار روپے ، ضلع راوالپنڈی میں جوڑیاں چکری روڈ بشمول مسنگ لنک کچی جوڑیاں سے چوتراروڈ کی کشادگی اور بہتری کے لیے 26 کروڑ 39 لاکھ 36 ہزا رروپے ، ضلع ساہیوال قطب شاہانہ میں دریائے راوی پر پل کی تعمیر 1 ارب 79 کروڑ 98 لاکھ 15 ہزار روپے ، ضلع بہاولنگر میں بہاولنگر ہارون آباد روڈ کی کشادگی اور بہتری (ترمیمی )کے لیے 1 ارب 50 کروڑ 23 لاکھ 15 ہزار روپے، ضلع بہاولپور میں چوک منیر شہید براستہ ریلوے اسٹیشن کینٹ بیکرز سے گرین بیلٹ اور لائیٹس کے ساتھ ڈبل کیریج وے کے لیے 51 کروڑ 32 لاکھ 41 ہزار روپے، ضلع راوالپنڈی میں مہوٹہ ڈیم کی تعمیر 1 ارب 86کروڑ 19 لاکھ 85 ہزار روپے، 167لنک نمبر 1 تحصیل ڈی جی خاں جے ہیڈ سپر آر ڈی کی بحالی 14کروڑ 72 لاکھ 47 ہزار روپے، 165لنک نمبر 1 تحصیل ڈی جی خاں جے ہیڈ سپر آر ڈی کی بحالی 27کروڑ 85 لاکھ 78 ہزار روپے اور آبپاشی زون ضلع ڈیرہ غازی خاں میں سیلابی ریلے کی روک تھام کے انتظام کے لیے 96کروڑ 87 لاکھ 13 ہزار روپے شامل ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر