پٹرول سے متعلق شکایات کے تدارک کیلئے سوفٹ ویئر تیار
لاہور ( لیاقت کھرل) پٹرول پمپوں پرملاوٹ شدہ پٹرول، اوزان و پیمائش کے پیمانوں میں گڑ بڑ، بلاوجہ پٹرول کی قلت اور پٹرول کی مقدار کی چیکنگ کے لئے ایک نئے اور جدید سسٹم کا نفاذ کیا جا رہا ہے جس میں محکمہ آئی ٹی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور آئی ٹی نے اس سسٹم کے لئے سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کے بعد پٹرول پمپوں پر ہونے والی لوٹ مار ختم ہو کر رہ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی او لیبر چودھری محمد نعیم نے اپنے دفتر میں ’’پاکستان‘‘ سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں پٹرول پمپوں پر شہریوں کے ساتھ ہونے والی لوٹ مار کی مکمل روک تھام کے لئے ایک جدید ٹیکنالوجی سسٹم کو لاگو کیا جا رہا ہے جس کے لئے محکمہ آئی ٹی کے ساتھ ضلعی حکومت اور محکمہ لیبر کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے نفاذ کے بعد ڈی سی او آفس اور ڈی او لیبر کے دفتر میں الگ الگ کنٹرول روم ہوں گے اور ہر پٹرول پمپ پر ٹال فری نمبر آویزاں ہوگا۔جن پمپوں پر ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت، پٹرول پمپ سے کم مقدار میں پٹرول ملنے ، اوزان و پیمائش میں کمی و بیشی اور بلاوجہ پٹرول کی قلت ظاہر کر کے اضافی ریٹ وصول کرنے کی مکمل روک تھام ہو سکے گی۔ ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت کرنے پر مقدمہ درج ہو گا ، پٹرول پمپ سیل، جبکہ پٹرول پمپ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس کے حوالے بھی کیا جاسکتا ہے ۔پٹرول پمپوں پر صارفین سے بدتمیزی کی روک تھام کے لئے بھی متعلقہ تھانوں کی پولیس پٹرولنگ کرے گی۔