فیصلہ کن معرکہ ،تحریک انصاف کی پلان ڈی کیلئے مشاورت شروع

فیصلہ کن معرکہ ،تحریک انصاف کی پلان ڈی کیلئے مشاورت شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جاوید اقبال ،حنیف خان)تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کن معرکہ شروع کرنے کے پیش نظر پلان ڈی تشکیل دینے کے لئے مشاورت شروع کردی گئی ہے جس کے تحت وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد،جاتی عمرہ ،وزیر اعلی پنجاب کی رہائش گاہ ،دفاتر ،گورنرہاؤس ،وزراء کی رہائش گاہیں دفاتر اور بیورو کریسی کے دفاتر اور رہائش گاہوں کی طرف آنے جانے والے راستوں پر دھرنے دے کر راستے بند کرنے جیسے آپشن پر غور شروع کیا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ بڑی سڑکیں مکمل بند کرنے ،ائیرپورٹس کی طرف آنے جانے والے راستوں پر دھرنے دینے ،ریلوے پٹریوں پر بھی دھرنے دینے جیسے اقدامات کو پلان ڈی کا حصہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے اس پلان کو 18دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے پلان ڈی پر پارٹی کے سربراہ عمران خان نے اپنے پارٹی کے صوبائی صدور اور دیگر قیادت کے علاوہ اپنی وفاقی اور صوبائی پارلیمانی پارٹیز ،ڈویژنل اور ضلعی تنظیموں سے سفارشات طلب کی ہیں جن میں پلان ڈی طلب کیا گیا ہے ۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ اکثریت کی طرف سے پارٹی قیادت کو تجاویز دی گئی ہیں کہ پلان ڈی میں حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ شروع کیاجائے جس کے تحت اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اسلام آباد ،لاہور ،کراچی میں وزیر اعظم ،وزیر اعلی،وزارء ،گورنر سمیت دیگر کے بڑے سرکاری دفاتر کا پہیہ جام کردیا جائے ۔سول نافرمانی کی تحریک بھی شروع کی جائے اور سول نافرمانی کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔جو بجلی پانی گیس کے میٹر کاٹنے آئے ان کا گھیراؤ کیا جائے ۔اس کے لئے پرائمر ی یونٹوں ،یونین کونسلوں ،ٹاؤنوں ،ضلعی ،ڈویژنل ،محلے کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی جائیں جس کے لئے یوتھ ونگ اور سٹوڈنٹس دیگر تاجر ونگز ،وکلاء ونگز اور دیگر کو خصوصی ٹاسک دیا جائے ۔ذرائع نے بتایا اس پر تحریک انصاف نے مشاورت کردی ہے اور پارٹی اجلاسوں ،کور کمیٹی میں اس پر گفتگو شروع کردی گئی ہے ۔
پلان ڈی مشاورت

مزید :

صفحہ آخر -