منہ سے سانس لینے کے صحت پر خوفناک اثرات،تحقیق
سان فرانسسکو(نیوز ڈیسک) سانس لینا بنیادی انسانی ضرورت ہے اور اگرچہ سب ہی سانس لیتے ہیں مگر کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ناک کی بجائے منہ سے سانس لیتے ہیں۔اگرچہ بظاہر تو یہ معمولی سی بات ہے لیکن اصل میں یہ کئی سنجیدہ مسائل کی جڑ ہے لیکن بدقسمتی سے اس مسئلے کے متعلق آگاہی نہ ہونے کے برابر ہے۔ڈاکٹر پوش جیفرسن اپنی تحقیق میں کہتے ہیں کہ منہ سے سانس لینے سے منہ خشک ہونا، سانس کے ساتھ شور پیدا ہونا، نیند کی خرابی، الرجی، گلے کے ٹانسل کا خراب ہونا اور جسم میں آ کسیجن کی کمی ہونا جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔وہ ایک اہم ترین مسئلے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہتے ہیں کہ جو لوگ لمبے عرصے تک منہ سے سانس لینا جاری رکھتے ہیں ان کا چہرہ لمبوترا ہو جاتا ہے اور خدوخال بگڑ جاتے ہیں۔ اکثر لوگ یہی سمجھتے رہتے ہیں کہا ن کا چہرہ قدرتی طور پر ایسا ہے جبکہ اصل میں یہ مسئلہ ناک کی بجائے منہ سے سانس لینے کا نتیجہ ہے۔وہ کہتے ہیں کہ اگر آپ بچوں میں یہ مسئلہ دیکھیں تو انہیں فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس لے کر جائیں کیونکہ اس مسئلے کو حل کرانا ازحد ضروری ہے۔ان کی تحقیق کی مزید تفصیلات سائنسی جریدےGeneral Dentistry میں دیکھی جا سکتی ہیں۔