بغیر کچھ کھائے بچھو کتنا عرصہ زندہ رہ سکتاہے ؟جواب آپ کو حیران کر دے گا

لاہور (نیوز ڈیسک)کھانے کے بغیر ایک دن بھی گزارنا نا ممکن لگتاہے جبکہ خشکی پر پائے جانے والے اکثر جانور اور چرند پرند تو دن میں کئی بار کھاتے ہیں لیکن بچھو وہ جاندار ہے جو دیگر کئی خصوصیات کے علاوہ کھانے میں بھی علیحدہ بلکہ ناقابل یقین صفات کا مالک ہے۔بچھو کو اگر کچھ دن ،کچھ ماہ اور حتیٰ کہ پورے سال تک بھی کھانے کو کچھ نہ ملے تو اسے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ ایک سال بغیر کچھ کھائے ایسے ہی گزار سکتاہے جیسا کہ ہم صبح سے شام تک کچھ کھائے بغیر گزار سکتے ہیں۔اس حیرت انگیز صلاحیت کا راز جسمانی میٹا بولیز م کو انتہائی سست کرنے کی صلاحیت ہے۔بچھو اپنے جسم کی مناسبت سے زیادہ خوراک پیٹ میں بھرنے کے لیے بھی شہرت رکھتے ہیں۔یہ ایک وقت میں اپنے وزن کے ایک تہائی تک خوراک کھا سکتے ہیں۔جسمانی نظام کو نہایت سست کر کے بچھو آرام فرمانا شروع کر دیتاہے اور اس حالت میں ایک سال بھی گزار سکتا ہے۔اگرچہ اس طرح کا رویہ رکھنے والے باقی جانور میٹابولزم سست ہونے پر غنودگی یا نیند جیسی حالت میں چلے جاتے ہیں لیکن بچھو اس حالت میں بھی غیر معمولی حد تک چوکس رہتاہے اور شکار قریب آنے پر بجلی کی سی تیزی سے اس پر حملہ کر دیتاہے۔