سیالکوٹ میں فائرنگ، ایم کیوایم کے سینئرنائب صدر جاں بحق، ایم کیوایم کی فیصلہ کن احتجاج کی دھمکی

سیالکوٹ، لاہور، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سیالکوٹ کے شہاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ضلعی نائب صدر باﺅانور جاں بحق ہوگئے ہیں ، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ کن احتجاج کی دھمکی دیدی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم کیوایم کے عہدیدار کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب نامعلوم موٹرسائیکل سواروںنے سیالکوٹ کے شہاب روڈ پر فائرنگ کردی جس کی زدمیں آکر ایم کیوایم کے سینئر ضلعی نائب صدر باﺅ انورشدیدزخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیاگیالیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ لاش کو ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں پوسٹمارٹم کے بعد باﺅ انور کی لاش گھر پہنچادی گئی ۔مقتول کی نماز جنازہ چاربجے اداکی جائے گی اور امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے اراکین نمازجنازہ میں شرکت کیلئے آئیں گے۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے اپنے اعلامیہ میں کہاہے کہ عوام بالخصوص غریب کارکنان کھانے پینے کی اشیاءذخیرہ کرلیں ، خود ختم ہوجائیں گے یا حکومت ختم کرکے ہی دم لیں گے ، نواز حکومت کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاج تیار ہوجائے ۔ ایم کیوایم کے قائد الطا ف حسین نے گورنر، وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ باﺅ انور کو جہاں شہید کیاگیا، وہاں پولیس اہلکار بھی موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے باﺅانور کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد ازجلد قانون کے کٹہرے میں لایاجائے ۔