تحریک انصاف نے 12دسمبر کو کراچی جام کرنے کی حکمت عملی طے کرلی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے 12دسمبر کو کراچی شہر بندکرنے کی حکمت عملی طے کرلی ہے جس کے مطابق 10اہم مقامات اورشاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے جبکہ عمران خان دو سے تین بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے ۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت سندھ اور کراچی کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا جس دوران کراچی جام کرنے پر مشاورت کی گئی ۔ ذرائع نے بتایاکہ حسن سکوائر، بندرگاہ ، مزار قائد، انڈسٹریل ایریا، نیشنل ہائی وے ، سپرہائی اور سہراب گوٹھ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کیاجائے گا۔
عمران خان نے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ احتجاج ہرحال میں پرامن رکھناہے ، کارکنان مقررہ جگہوں تک محدود ہیں اور آگے نہ بڑھیں تاکہ صورتحال کنٹرول میں رہے ۔
ذرائع نے بتایاکہ عمران خان دوسے تین بجے کے درمیان جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے چار سے پانچ بجے تک کارکنان میں پہنچیں گے ۔