کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، ڈنمارک کو ٹھکانے لگادیا

کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، ڈنمارک کو ٹھکانے لگادیا
کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، ڈنمارک کو ٹھکانے لگادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی دونوں ٹیموں نے بہترین انداز میں فاتحانہ آغاز کرلیا، مینز سکواڈ نے ڈنمارک کو یکطرفہ مقابلے میں 69-24 سے ٹھکانے لگایا، ویمنز ٹیم میکسیکو کے مقابلے 45-20 سے سرخ رو رہی۔ دونوں کپتان اگلے میچوں میں بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری پانچویں کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی دونوں ٹیموں نے شاندار انداز میں فاتحانہ آغاز کرلیا، منگل کو روپ نگر کے نہرو سٹیڈیم میں گزشتہ ورلڈ کپ کی رنرز اپ قومی ٹیم کا سامنا ڈنمارک سے ہوا جس میں اکمل شہزاد ڈوگر، محمد خان، محمد رمضان جانی سنیارا اور رحمان اشتیاق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی دلائی، پاکستانی ٹیم کو ابتدائی کوارٹر میں 20-3 سے برتری حاصل تھی دوسرے میں مزید 17 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے مقابلہ 37-9 کردیا، تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے 53-17 سے پوزیشن انتہائی مستحکم بنالی، آخری کوارٹر میں مزید 16 پوائنٹ اپنے نام کرتے ہوئے 69-24 سے فتح حاصل کرلی، میچ کے دوران قومی کھلاڑیوں کے شاندار کھیل پر بھارتی شائقین بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ دوسری طرف ویمنز ایونٹ میں پاکستانی سکواڈ نے ابتدائی میچ میں میکسیکو کو 45-20 سے شکست دیدی۔ کپتان مدیحہ لطیف، سائرہ بانو اور نیلم ریاض کی کارکردگی نمایاں رہی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مینز ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے کہا کہ ہم نے کہا کہ گروپ میں ایران سے سخت مقابلے کی توقع ہے لیکن اکمل شہزاد ڈوگر اور دیگر پلیئرز فارم میں رہے تو ہم سامنے آنے والی ہر ٹیم کو باآسانی زیر کرتے رہیں گے۔ خواتین کی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے خواتین کو اتنی سہولتیں فراہم کیں کہ جس کی وجہ سے آج ہم کبڈی ورلڈ کپ کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ہم فائنل نہیں کھل سکی تھیں لیکن اس بار ٹائٹل معرکہ میں ضرور رسائی حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم بھرپور فارم میں ہے۔ میکسیکو کو شسکت دی ہے باقی ٹیموں کو بھی ضرور ہرائیں گے۔ دوسری طرف ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کامیابی پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی، پاکستانی کھلاڑی جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں تو ہر حریف کو چت کرسکتے ہیں۔

مزید :

کھیل -