ملک میں پہلی بار پیدائشی جڑی بچیوں کا کامیاب آپریشن

کراچی (ویب ڈیسک) آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں پیدائشی طور پر جڑی ہوئی 2 بچیوں کو علیحدہ کرنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اور اے کے یو ایچ میں کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے۔بچیوں کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے اور ان کی اہلیہ کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ وہ خوشی کا یہ لمحہ دیکھ پائیں گے۔ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے اعلامیے کے مطابق جب دونوں بچیاں اے کے یو ایچ لائی گئیں تو ہمیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ ان میں سے ایک اپنی عمر کے دوسرے بچوں کی طرح معمول کی نشوونما پارہی تھی۔ ان بچیوں کو ہسپتال میں داخل کرنے کے بعد آپریشن کی تفصیلات، ممکنہ صورتحال اور دیگر امور کی بہترین انجام دہی کے لئے 45 افراد پر مشتمل ایک ہمہ جہت ٹیم تشکیل دی گئی جس میں بچوں کے سرجنز، دل کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز، بے ہوشی کے ماہرین (انیستھیسیولوجسٹ)، نرسز اور آپریٹنگ روم کے عملے کے ارکان شامل تھے۔ اس آپریشن سے قبل ڈیڑھ ماہ تک بہترین منصوبہ بندی کی گئی جس کے دوران مختلف چھوٹی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے ہر ایک کو اپنا مخصوص کردار ادا کرنا تھا۔ آپریشن سے ایک دن قبل پوری ٹیم نے مکمل تیاری کے ساتھ آپریشن کی ریہرسل کی تاکہ کسی بھی ممکنہ سقم کا قبل از وقت علم ہوجائے۔ یکم دسمبر 2014ءکو ڈاکٹر نذیر کی سربراہی میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی 20 رکنی ٹیم نے 7 گھنٹے طویل یہ کامیاب آپریشن انجام دیا۔