اوسلو کا سٹی ہال ”اللہ ہو“ ”اللہ ہو“ کی صدا سے گونج اٹھا

اوسلو (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی ملالہ یوسفزئی اور بھارت کے کیلاش ستیارتھی کو نوبل ایوارڈ دینے کی تقریب کے دوران راحت فتح علی خان کی شاندار پرفارمنس سے شرکاءجھوم اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسف زئی اور کیلاش ستیارتھی کو علم کے فروغ کیلئے مشترکہ نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس کی تقریب آج اوسلو میں منعقد کی گئی۔ نوبل کمیٹی کے چیئرمین کی تقریر کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور اوسلو کا سٹی ہال ”اللہ ہو“ ”اللہ ہو“ کی صدا سے گونج اٹھا۔ قوالی کے اختتام پر وہاں موجود شائقین اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور راحت فتح علی خان کی مسحور کن پرفارمنس پر پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر داد دی۔ قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی نے جہاں نوبل انعام حاصل کیا ہے وہیں راحت فتح علی خان نے بھی اپنے فن کے ذریعے پاکستانی قوم کا سر ایک بار پھر فخر سے بلند کر دیا ہے۔