ورلڈکپ کا فائنل ایمپائرز کے غلط فیصلوں کے باعث ہارے: ذیشان عباسی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی نے ورلڈکپ فائنل میں شکست پر قوم سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ ایمپائرز کے غلط فیصلوں کے باعث تیسری بار اعزاز اپنے نام کرنے میں ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان عباسی نے کہا کہ قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا تاہم فائنل میں شکست ہوئی جس پر قومی سے معافی مانگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میں بھی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو 390 رنز کا ہدف دیا ًتاہم ایمپائرز کے 2,3 غلط فیصلوں کے باعث فتح بھارت کے نام ہوئی۔ رنرز اپ کی ٹرافی اٹھائے بلائنڈ کرکٹ ٹیم جب علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچی تو ان کے استقبال کیلئے کسی قسم کا پروٹوکول مہیا نہیں کیا گیا جبکہ عہدیداران بھی وہاں موجود نہ تھے جبکہ تمام کھلاڑی لاہور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی بس میں بیٹھ کر گھروں کو روانہ ہو گئے۔