سفاری زو پارک میں ملک کے پہلے زوہسپتال کی تعمیر مکمل

سفاری زو پارک میں ملک کے پہلے زوہسپتال کی تعمیر مکمل

لاہور(اپنے خبر نگار سے) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد ایاز خان نے کہا ہے کہ2ایکڑ رقبہ پر4کروڑ روپے کی لاگت سے لاہور سفاری زو پارک میں ملکی تاریخ کے پہلے زو ہسپتال کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ضروری عملے،آلات اور ادویات کی فراہمی مکمل ہوتے ہی زو ہسپتال کو فعال کر دیا جائے گا جہاں پر بیمار جانوروں،پرندوں اور درندوں کا علاج معالجہ کرنا ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں جاری سکیموں پر کام کی رفتار کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اس موقع پر چڑیا گھر لاہور کے ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری زو پارک اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے زو ہسپتال میں چڑیا گھروں،بریڈنگ سنٹرز اور وائلڈ لائف پارکس میں موجود بیمار یا زخمی جنگلی جانوروں اور درندوں کا علاج کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ زو ہسپتال میں جانوروں، پرندوں اور درندوں کے ٹیسٹ اور خون کے نمونے حاصل کرنے اور امراض کا پتہ چلانے ،ایکسرے روم ، آپریشن تھیٹر، الٹراساؤنڈ اور ڈسپنسری کی سہولت بھی موجود ہو گی ۔خالد ایاز خان نے کہا کہ اس ہسپتال کے مکمل فعال ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں درندوں کی مصنوعی نسل کشی پر فوکس کیا جائے گا تا کہ کسی جانور یا درندے کی موت کی صورت میں اس کی کمی کو فورا پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں ،پرندوں اور درندوں کی فوری مدد اورعلاج کیلئے موبائل اینیمل یونٹ ریسکیو سروس کے اجراء پر بھی کام جاری ہے تا کہ صوبہ کے دیگر اضلاع میں واقع وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھروں میں موجود جانوروں کو فوری طبی امداد پہنچائی جا سکے۔

مزید : کامرس