زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کا سنگ بنیاد

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کا سنگ بنیاد

فیصل آباد(بیورورپورٹ)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی طرف سے قائم کئے گئے ادارہ اعلیٰ تعلیم برائے خوراک و زراعت کے مرکزی سیکرٹریٹ کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ لاہور میں امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکن رائیڈر نے صوبائی وزیرقانون و پارلیمانی اُمور رانا ثناء اللہ خاں ‘وزیرزراعت و پروچانسلرجامعہ زرعیہ ڈاکٹر فرخ جاوید اور وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ہمراہ سنگِ بنیاد کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر نیو سینٹ ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکن رائیڈر نے سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کوطویل المدت پارٹنرشپ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ 30ملین ڈالر کے اس منصوبے سے آئندہ پانچ برسوں میں پالیسی سازوں اور محققین کو بہترین ریسرچ کے نتیجہ میں قابل عمل پالیسی ترتیب دینے میں مدد ملے گی جس سے پاکستانی معیشت کے اہم ترین زرعی شعبہ کی ترقی کومضبوط بنیاد فراہم ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سنٹر سے پہلے فیز میں ریسرچ گرانٹ حاصل کرنیوالے 20سائنس دان جلد ہی یونیورسٹی آف کیلی فورنیاکی شراکت سے اپنے کام کا آغاز کر دینگے۔ زیچرے ہرکن رائیڈرنے سنٹر کے ذریعے امریکی پارٹنرشپ کو مستقبل کیلئے مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے پاکستان کی نئی نسلوں کو زرعی شعبہ میں آگے بڑھتا ہوا پاکستان دینے میں مدد ملے گی۔ وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے یونیورسٹی میں سنٹر کے قیام کو غذائی استحکام کی شاہراہ پر تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور 70فیصد زراعت کے حامل پنجاب کی عوام اس اہم اقدام پر امریکہ کی مشکور ہے۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی میں قائم کیا گیا سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ایگریکلچر و فوڈ سیکورٹی اپنی کامیابیوں کے ساتھ پوری دنیا کیلئے قابل تقلید ماڈل بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی سنٹر کا خوبصورت پہلو ایگریکلچرل سائنسز میں دنیا کی نمبرون یونیورسٹی کے ساتھ اس کی شراکت داری ہے جس سے بائیو ٹیکنالوجی‘ کلائمیٹ چینج‘ پری سیئن ایگریکلچر‘ آؤٹ ریچ اور زرعی پالیسی کا خوبصوت ماڈل سامنے آئے گا۔

مزید : صفحہ آخر