جام پور میں لیگی امیدوار نے 80سالہ بزرگ کے کان اور ناک کاٹ دیئے
ملتان (کرائم رپورٹر)با اثر افراد نے ووٹ نہ ڈالنے والوں سے بدلہ لینا شروع کر دیا۔ جام پور میں ووٹ نہ دینے پر لیگی امیدوار نے 80 سالہ بزرگ کا ناک اور کان کاٹ دیا، تشویش ناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق جام پور میں 5 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کے دوران مسلم لیگ ن کے چیئرمین کے امیدوار وسیم خان لاشاری نے 80 سالہ بزرگ سونہارا خان سے اس کے خاندان سے ووٹ مانگے جس پر بزرگ نے انکار کردیا، گزشتہ روز سونہارا خان جھوک مکول سے میراں پور کسی کام کے سلسلے میں جارہا تھا کہ 4افراد نے راستہ میں روکا جن میں لیگی امیدوار وسیم خان وغیرہ نے بزرگ کا ناک اورکان کاٹ دیا بزرگ کو فوری طورپر نشتر منتقل کر دیا اورپولیس نے واقعہ کا مقدمہ پولیس تھانہ لعل گڑھ میں درج کرلیا اور ملزم سیدن کو گرفتار کر لیا لیکن اعلی حکام کے دباؤ کے بعد ملزم سیدن کو چھوڑ دیا گیاسونہارا خان نے وزیرا علیٰ سے انصاف کی اپیل کی ہے ۔واضح رہے امیدوار کا تعلق یونین کونسل 25 وان لاشاری سے ہے۔