سرکاری ملازمین آج مطالبات کے حق میں ہڑتال کریں گے

سرکاری ملازمین آج مطالبات کے حق میں ہڑتال کریں گے

لاہور( خبرنگار خصوصی) پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین نے مطالبات کے حق میں صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھرکے اضلاع میں احتجاجی جلوس اورریلیوں سمیت مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ایپکا پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد، ظفر علی خان، محمد سلطان مجددی اور محمد نثار احمد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری ملازمین کو مسلسل ٹال رہی ہے۔ حاجی محمد ارشاد نے کہا کہ حکومت نے بے حسی کامظاہرہ کرنا نہ چھوڑا تو لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری دفاتر کا مکمل بائیکاٹ کیاجائیگا اور سرکاری دفاتر کی تالہ بندی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں پنجاب حکومت کی اس بے حسی کے خلاف آج صبح پنجاب بھر کے تمام محکمہ جات میں مکمل ہڑتا ل کی جائے گی اور جلوس و احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ صبح10 بجے لاہور میں سول سیکرٹریٹ و لاہور ڈویژن کے ہزاروں ملازمین سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔ منظور شدہ مطالبات کے نوٹیفکیشن کے اجراء کے لیے زیر قیادت صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد چوہدری، ظفر علی خاں، محمد سلطان مجددی، و رانا محمد نثار احمد صدر سول سیکرٹریٹ ایمپلا ئزایسوسی ایشن احتجاج کریں گے جو کہ منظور شدہ مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری کرنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4