سرمایہ دارانہ نظام دنیا میں بتدریج معاشی عدم مساوات پھیلا رہا ہے،ذکراللہ
لاہور( نمائندہ خصوصی ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام پوری دنیا میں بتدریج معاشی عدم مساوات پھیلا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام ہمیں محبت ،شفقت،ایثار،اور قربانی کا درس دیتا ہے جبکہ سرمایہ سونے کی چٹان ہے۔ سرمائے کی خدائی انسان کی بھلائی پر منتج ہوہی نہیں سکتی۔ سرمایہ دارانہ نظام اور انسانی معاشرے کی فلاح کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں۔
جہاں جہاں سرمایہ دارانہ جمہوریت درآئی ہے وہاں سیاست میں سود خوروں،بدمعاشوں،جواریوں اور جرائم پیشہ افراد کی پذیرائی ہے۔ امریکہ سے بھارت اور پاکستان تک سیاست دوگنے چوگنے منافع کی تجارت ہے۔ امریکہ اور اس کے معاشی نمونے کی تقلید کرنے والے ملکوں میں معاشی عدم مساوات کی بڑھتی ہوئی شرح سیاسی عدم مساوات کا سبب بن رہی ہے۔ ایسے نظام میں معاشی ترقی کے مواقع بھی یکساں نہیں ہیں امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے اور غریب غریب تر۔ معاشرتی شراکت داری اور سرگرمیاں ماند پڑ رہی ہیں۔ یہ بینکار ،ماہرین معاشیات اور سرمایہ دار، ملکوں کے سیاسی ،معاشی اور معاشرتی معاملات میں دخل اندازیاں کرتے ہیں۔ یہاں انسانی حقوق کی پامالی اور ناانصافیاں عام ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اسلام جیسی عالم گیر جہاں کشا طاقت ہی اس دنیا کی بقا کی ضمانت ہے۔