دین اسلام امن ‘سلامتی ‘ بھائی چارے کا درس دیتا ہے،افتخار حسین

دین اسلام امن ‘سلامتی ‘ بھائی چارے کا درس دیتا ہے،افتخار حسین

لاہور( نمائندہ خصوصی ) ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے پہلے دین اسلام نے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی اور انسانوں کے ساتھ جانوروں پر بھی رحم کرنے کی تعلیم دی ہے ‘ دین اسلام نے بنیادی طور پر انسان کو جان و مال ‘ عزت و آبرو‘ اولاد ‘ روز گار سمیت عقیدہ اور مذہب کا تحفظ دیا ہے۔

ان بنیادی حقوق کے ذریعے سے انسان معاشرے میں پر امن اور پر وقار طریقے سے زندگی گذار سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن ‘سلامتی ‘ بھائی چارے ‘ رواداری ‘ مذہبی ہم آہنگی ‘ صبر و محبت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے ‘ حضرت محمد ﷺ نے حجتہ الوداع کے موقع پر جو خطبہ ارشاد فرمایا تھا وہ انسانی حقو ق کا پہلا بین الاقوامی منشور ہے ،انسانی حقوق کے بارے میں اسلام کا تصور بنیادی طور پر بنی نوع انسان کے احترام، وقار اور مساوات پر مبنی ہے۔ قرآن حکیم کی رو سے اللہ رب العزت نے نوع انسانی کو دیگر تمام مخلوقات پر فضیلت و تکریم عطا کی ہے۔ حضور ؐ نے خطبہ حجتہ الوداع میں فرمایا کہ ’’اے لوگو! آگاہ ہو جاؤ کہ تمہارا رب ایک ہے اور بے شک تمہارا باپ (آدم علیہ السلام) ایک ہے۔ کسی عربی کو غیر عرب پر اور کسی غیر عرب کو عجمی پر کوئی فضیلت نہیں اور کسی سفید فام کو سیاہ فام پر اور نہ سیاہ فام کو سفید فام پر فضیلت حاصل ہے۔ سوائے تقویٰ کے۔‘‘ اس طرح اسلام نے تمام قسم کے امتیازات اور ذات پات، نسل، رنگ، جنس، زبان، حسب و نسب اور مال و دولت پر مبنی تعصبات کو جڑ سے اکھاڑ دیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4