معاشرتی اقدار سے انخراف معاشرتی بگاڑ اور کرپشن کا اصل سبب ہے ،اے سی

معاشرتی اقدار سے انخراف معاشرتی بگاڑ اور کرپشن کا اصل سبب ہے ،اے سی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورورپورٹ) اسسٹنٹ کمشنر نور ولی خان نے کہاہے کہ معاشرتی اقدار سے انخراف معاشرتی بگاڑ اور کرپشن کا اصل سبب ہے ۔ عدل و انصاف کی عدم فراہمی اور دوسروں کے حقو ق پر ڈاکہ ڈالناکرپشن کی جڑ ہو تی ہے ۔ کرپشن جیسا ناسور ختم کرنا مشکل ہے مگر اس میں کمی کی جا سکتی ہے ۔ وسائل کا فقدان اور بے تخاشہ ضروریات زندگی انسان کو کرپشن پر مجبور کر رہا ہے ۔ وہ ٹی ایم اے ہال چارسدہ میں انسداد رشوت ستانی کے عالمی ہفتے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب سے ڈائریکٹر محکمہ زراعت عبداللہ خان ، جماعت اسلامی کے رہنماء خیرمحمد ، سکاؤٹ لیڈر فضل محمد ، اسرار خان او ر دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر انٹی کرپشن چارسدہ کے سرکل آفیسر رحمت ولی ، تحصیل نائب ناظم ڈاکٹر الطاف اور مختلف محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نور ولی خان اور دیگر نے کہا کہ کرپشن کے روک تھام کیلئے 1947میں پہلا ایکٹ نافذ کیا گیا جس کے بعد ایف آئی اے ، احتساب کمیشن اور انٹی کرپشن اس حوالے سے کاروائیاں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ قوت ایمانی کا مظاہرہ کرکے کرپشن کو بے نقاب کریں کیونکہ کرپشن پر خاموش رہنا اور نظر انداز کرنا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے ۔ پاکستان وسائل سے مالا مال ریاست ہے جس کو قدرت نے سب کچھ دیا ہے مگر مخلص قیادت کے فقدان کی وجہ سے عوام قدرتی وسائل سے مستفید نہیں ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست شہریوں کو بنیادی حقوق اور سہولیات فراہم کر یں جبکہ اخراجات اور آمدن میں توازن قائم کریں تو کرپشن نہیں ہو گی ۔ مقررین نے کہاکہ معاشرتی اقدار ختم ہو چکے ہیں ۔ پہلے لوگ چوروں سے نفرت کر تے تھے مگر اب چوروں اور ڈاکوؤں سے محبت کر تے ہیں ۔ عدل و انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے کرپشن بڑھ رہی ہے ۔ دوسروں کے حق پر ڈاکہ ڈال کر لوگ اس پر فخر کر تے ہیں ۔ اسمبلیوں میں بیٹھے سرمایہ دار ، جاگیر دار اور صنعت کار اپنے مفاد کی قانون سازی کر رہے ہیں جبکہ ان کو عوام کی کوئی فکر نہیں ۔تقریب کے بعد شرکاء نے فاروق اعظم چوک تک انسداد رشوت ستانی کے حوالے سے ایک واک کا اہتمام کیا ۔