سوئی گیس اور بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنیکا فیصلہ

سوئی گیس اور بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنیکا فیصلہ

  چارسدہ (بیورورپورٹ) چارسدہ کے ڈپٹی کمشنر ، منتخب ایم پی ایز ، ضلع ناظم اور سیاسی قائدین کا عوامی مسائل پر بیٹھک ۔بجلی اور سوئی گیس کی ناروا لوڈ شیڈنگ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان ۔ ایکسین واپڈا اجلاس سے غائب رہے ۔ ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے محکمہ سوئی گیس کے انچارج سلمان خان کو لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے حوالے سے بار بار موقف تبدیل کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا۔ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کو تین ایم پی او کے تحت جیل بھیجنے کا فیصلہ ۔ سانحہ اے پی ایس کو پورے عقیدت اور اخترام سے منانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے منتخب ایم پی ایز ، ضلع ناظم و نائب ناظم اور سیاسی قائدین نے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر چارسدہ طاہر ظفر عباسی کے زیر صدارت ایک غیر معمولی بیٹھک لگائی جس میں محکمہ سوئی گیس اور محکمہ پویس کے ذمہ دران کے علاوہ ضلعی ناظم فہد ریاض خان ، نائب ناظم حاجی مصور شاہ ، ڈی ایس پی گوہر خان ، ایم پی ایزخالد خان زیم ، سلطا ن محمد خان ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مصباح اللہ ، الحدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی نائب صدر ریاض خان ، تحریک انصاف کے ضلعی رہنماء طارق اعظم خان اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاء نے عوام کو در پیش مسائل اور عوام کے فلاح و بہبود کیلئے قائم ریاستی اداروں بالحصوص محکمہ سوئی گیس ، محکمہ واپڈا اور محکمہ پولیس کے حوالے سے دل کھول مثبت تنقید اور تجاویز پیش کئے ۔ایم پی اے خالد خان ، ایم پی اے سلطان محمد خان ، تحریک انصاف کے ضلعی رہنماء طارق اعظم خان ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مصباح اللہ ، الحدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی نائب صدر محمد ریاض خان اور دیگر نے کہاکہ سود کے کاروبار میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے جرائم بڑھ رہے ہیں ۔ چوری ، رہزنی ، کار سنیچنگ اور سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ہوائی فائرنگ فیشن بنتا جا رہا ہے ۔بجلی اور سوئی گیس لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے جس کی وجہ سے منتخب نمائندے عوام کا سامنا نہیں کر سکتے کیونکہ بجلی اور سوئی گیس کی ناقابل بر داشت لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی جواب نہیں ۔پولیس حکام منتخب نمائندوں کو گھاس نہیں ڈالتے اور ان کے جائز کام بھی نہیں کر تے جس کی وجہ سے عوام میں منتخب نمائندوں کی پو زیشن خراب ہو رہی ہے ۔ شرکاء کے تجاویز اور مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چارسدہ طاہر ظفر عباسی نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کے ٹیکسوں سے چلتے ہیں ۔تمام ادارے عوام کے مسائل اور مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے پابند ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ چارسدہ میں قائم تمام سی این جی سٹیشن مالکان کا اجلاس بلا رہی ہے جس میں صبح اور شام کے اوقات میں سی این جی سٹیشنز کو تین تین گھنٹے تک بند کیا جائیگا تاکہ گھریلو صارفین کو سوئی گیس کی ترسیل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا ایکسین واپڈا بعض ضروری کاموں کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے مگر آئندہ 24 گھنٹے میں ان سے بجلی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائیگی اور شیڈول سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کو ہر صورت بند کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کو تین ایم پی او کے تحت ایک مہینے کیلئے جیل بھیجنے کا اعلان کیا اور منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ اس حوالے سے کوئی سفارش نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چارسدہ میں تہہ بازاری ختم کی گئی ہے جبکہ غیر قانونی اڈوں کو بھی ختم کیا گیا ہے ۔ چنگ چی اور ہتھ ریڑھیاں ٹریفک میں خلل ڈال رہے ہیں جن کے لئے متبادل جگہ کا انتظام کیا جائیگا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ چارسدہ میں سانحہ اے پی ایس کو سرکاری طور پر پورے عقیدت اور اخترام سے منایا جائیگااور اس حوالے سے تعلیمی اداروں ، تمام تحصیلوں میں تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر