کوہاٹ ،مضافاتی علاقوں کی ناکہ بندی ، 4 افغانی 27 مشتبہ گرفتار

کوہاٹ ،مضافاتی علاقوں کی ناکہ بندی ، 4 افغانی 27 مشتبہ گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے مضافاتی علاقے ناکبند میں تلاشی آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و منشیات برآمدکرکے چار افغان باشندوں سمیت 27مشتبہ ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا ہے ۔کاروائی میں متعدد مشکوک موٹرسائیکلیں قبضے میں لیکر معاہدہ کرایہ داری کی خلاف ورزی پر پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سونا خان اورڈی ایس پی ہیڈکواٹر عبدالرشید خان کی قیادت میں گمبٹ پولیس نے صدر سرکل کے مضافاتی علاقے ناکبند میں بدھ کی صبح اچانک کاروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے اوراس دوران علاقے میں غیر قانونی طورپر مقیم چارافغان باشندوں سمیت 27مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ ومنشیات برآمدکرکے قبضے میں لے لیاہے جن میں دو رائفل ،چاربندوق، سات پستول ،سینکڑوں کی تعداد مختلف بور کے کارتوس اور2400گرام چرس شامل ہیں ۔دریں اثناء پولیس نے مختلف مقامات پر اچانک چیکنگ کے سلسلے میں بغیر نمبرپلیٹ اورنامکمل کاغذات کی بنیاد پر مشکوک قرار دے کر 27موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لئے ہیں جبکہ مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش میں سرچ آپریشن کی کاروائی کے دوران علاقہ میں واقع کرایہ کے بیسیوں گھروں کو چیک کیاگیا اورمقامی تھانہ سے رجسٹریشن کرانے کے بغیر کرایہ کے گھروں میں مقیم پانچ افراد کے خلاف ریسٹرکشن رینٹڈ بلڈنگ (سیکیورٹی)ایکٹ2014کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔