پانی کا بحران بجلی کے بحران سے زیادہ سنگین، بھارت سے تنازعات ،پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ، خواجہ آصف
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پانی کا مسئلہ بجلی کے بحران سے زیادہ سنگین مسئلہ ہے،بھارت کے ساتھ پانی کا تنازع چل رہا ہے، صوبوں کے ساتھ بھی پانی کے مسائل حل طلب ہیں،بجلی بحران 4سے 5سال میں حل کیا جاسکتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی نے پانی کے بحران کو بجلی کے بحران سے زیادہ بڑا مسئلہ قرار دیدیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم بجلی، پانی اور گیس سب میں شاہ خرچ ہیں،مہذب ملکوں میں ایک فیصد بھی پانی ضائع نہیں ہوتا۔بھارت کے ساتھ پانی کا تنازع چل رہا ہے اور بھارت ہمارے لئے مختلف مشکلات بنا رہا ہے ۔پانی کے بحران پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اوراس معاملے میں تنہا کوئی پالیسی نہیں بنانا چاہتا۔صوبوں کے درمیان پانی کے مسائل حل طلب ہیں اور پانی کی پالیسی میں صوبوں کیساتھ ان تنازعات کا حل ہونا چاہئے۔ملک میں بجلی کے بحران کے خاتمے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بجلی بحران 4سے 5سال میں حل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بجلی بحران کے خاتمے کیلئے 2018ء کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔