گزشتہ25سال سے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ہمارے نظام کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے اورجمہوریت کی نفی ہے: عبدالرشیدترابی

گزشتہ25سال سے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ہمارے نظام کی ...
گزشتہ25سال سے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ہمارے نظام کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے اورجمہوریت کی نفی ہے: عبدالرشیدترابی

  

دھیرکوٹ( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشیدترابی نے کہاہے کہ گزشتہ25سال سے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ہمارے نظام کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے اورجمہوریت کی نفی ہے،جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ،انہوںنے کہاکہ جمہوری نظام میں بلدیاتی ادارے مقامی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کا ذریعہ ہیں جو معاشرے کو نئی لیڈرشپ فراہم کرتے ہیں۔بلدیاتی اداروںکو جمہوریت کی نرسری کہاجاتاہے ،عبدالرشیدترابی نے کہاکہ آزادکشمیر کی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے واضح اور دوٹوک فیصلہ سنایاہے کہ آزادکشمیرمیں فی الفوربلدیاتی انتخابات کروائے جائیں ،لیکن آزادکشمیرکی موجودہ حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے اور عدالتوںکے فیصلوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک کر آئین اور قانون کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے ''سیودی فیوچر''کے زیرِ اہتمام سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ،آزادکشمیرکی مختلف سیاسی جماعتوںکے قائدین ،سماجی تنظیموںکے نمائندگان ،وکلائ، صحافیوں ،تاجروں اور دیگرمکاتب فکر کے لوگوںنے بڑی تعدادمیں شرکت کی،سیمینارکے مہمان خصوصی امیرجماعت اسلامی آزادکشمیرعبدالرشیدترابی تھے جبکہ میزبانی کے فرائض سماجی رہنماء اورآزادجموںوکشمیریونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل راجہ مہتاب اشرف خان نے سرانجام دیئے جبکہ سیمینارسے جموںوکشمیرلبریشن لیگ کے مرکزی رہنماء سردارمعروف اخترعباسی،جمعیت علماء اسلام آزادکشمیرکے سیکرٹری جنرل مولناٰ امتیازعباسی، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سابق ڈائریکٹر آرمڈ سروسز بورڈ کپٹن ریٹائرڈ راجہ سلیم اقبال ،جموںکشمیرلبریشن فرنٹ کے رہنماء راجہ غلام مجتبیٰ ،پیپلزپارٹی کے رہنماء راجہ عبدالرحمان، سیودی فیوچرکے پروگرام کوآرڈینیٹر سردار عاطف نعیم، تاجرایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اسدعبداللہ، جماعت اسلامی غربی باغ کے سیکرٹری جنرل عاطف افتخار، بارایسویسی ایشن کے رہنماء راجہ جاویداقبال ایڈووکیٹ، ہلال فائونڈیشن کے صدر سردارعباس،وسطی باغ کے رہنماء آزادطارق،انجمن تاجران کے راجہ رفاقت حسین،ریڈفائونڈیشن فائونڈیشن کے پرنسپل تنویرعباسی، وحیدشاہین، سردارسیاب عباسی اور دیگرنے خطاب کیا۔عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزادکشمیر حکومت کے جولوگ عدلیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں انہیں نااہل قراردیاجائے کیوںکہ ایسے لوگ عوامی منصب کے اہل اورقابل نہیں ہے جو خود آئین اور قانون کااحترام نہ جاتے ہوں، آزادکشمیرقانون سازاسمبلی میں بیٹھنے والے لوگ آئین اور قانون کااحترام اور اس کی بالادستی کو یقینی بنائیں تاکہ جمہوریت کو فروغ مل سکے ،انہوںنے کہاکہ ''سیودی فیوچر'' اور یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلب نے جو تحریک شروع کررکھی ہے۔ اس کو ہم عوامی اور سیاسی جماعتوں کی سطح پر جاری رکھیںگے اور الیکشن کے انعقادتک ان فورمزکی حمایت کریںگے ،انہوںنے کہاکہ آزادکشمیرمیں فوری ''فری اینڈ فیئر'' الیکشن کو یقینی بنایاجائے اور اس کیلئے عملاًاقدامات کئے جائیں اور جمہوری روایات کو پروان چڑھایاجائے ،انہوںنے مزیدکہاکہ ہمارے ملک میں جمہوریت نظام میں کئی مافیاشامل ہیں جو جمہوریت کو کسی صورت نہیں سمجھتے اور وہ اپنی مرضی کی جمہوریت مسلط کرناچاہتے ہیں اور آزادکشمیرمیں برادری ازم ،تعصب کو فروغ دیکر نظریاتی تشخص کو ختم کررہے ہیں جو ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے،انہوںنے کہاکہ آزادکشمیرمیں سارے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں،آزادکشمیر میں پی ایس سی یااعلیٰ عدالتوں میں ججزکی تقرری کا معاملہ یہ سب برادریوں کی بنیادپرہورہاہے اور میرٹ کاقتل عام کیاجارہاہے جس سے محسوس ہوتاہے کہ ہمارا معاشرہ زوال پذیرہے اور افریقی معاشرہ بن گیاہے ،یہاں اصلاح احوال کاسلسلہ ختم ہورہے ،عدل و انصاف ناپیدہے اور ہرطرف انارکی پھیل رہی ہے ،ان حالات میں معاشرے کے اہل دانش اورسول سوسائٹی کی ذمہ داری ہے جب قوموںکی زندگیوں میں ایسے مراحل آتے ہیں تو اجتماعی دانش کے حامل لوگ قوم کو بحرانوںسے نکالتے ہیں اور اس وقت ہمارے معاشرے میں اجتماعی کرداراداکرنے کی ضرورت ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ سیاسی جماعتوںمیں اچھے لوگ موجود ہوتے ہیں لیکن نظام کی خرابی کی وجہ سے اچھے لوگ اپناکرداراداکرنے سے قاصر ہیں،ہمارے ملک میں جمہوریت صرف نام کی ہے ،اس معاشرے کو حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے اور حقیقی جمہوریت کے ذریعے معاشرے میں ترقی آتی ہے ،آج مغربی ممالک امریکہ اور یورب میں جمہوری اداروںکے مستحکم ہونے میں جمہوریت کا کردار ہے اور وہاں پر ویلفیئراسٹیٹس موجودہیں لیکن ہمارے ہاں جمہوریت مخصوص لوگوںکے ہاتھوںمیں کھلونابنی ہوئی ہے اورہم ذاتی مفادات کے تابع جمہوریت قائم کرناچاہتے ہیں جس سے قومی نقصان ہورہاہے ،امیرجماعت نے کہاکہ ہماری بدقسمتی ہے کہ 4ماہ گزرجانے کے باوجود چیف الیکشن کمشنرکاتقررنہیں ہوسکا ،موجودہ حکومت آزادکشمیرمیں صاف شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات نہیں کروانا چاہتی اوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تساہل سے کام لے رہی ہے اور عام انتخابات کیلئے سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کررہی ،انہوںنے مطالبہ کیاکہ آزادکشمیرمیں فی الفور چیف الیکشن کمشنرکاتقرر تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کیاجائے ،نادرہ ریکارڈ کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کی جائیں،بوگس ووٹوںکااندراج ختم کیاجائے اور بائیومیٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کروائے جائیں ،عبدالرشیدترابی نے تجویزدی کہ آزادکشمیرمیں عام انتخابات رمضان المبارک سے پہلے منعقدکروائے جائیں اورچیف الیکشن کمشنرکی تقرری پر محاذ آرائی ختم کی جائے اور آزادکشمیرحکومت اوروفاقی حکومت کے مابین ٹوپی ڈرامہ بندکیاجائے، انہوںنے سیودی فیوچرSTF،تحریک بحالی بلدیاتی نظام، یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلب دھیرکوٹ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنہوںنے اس اہم موضوع پر قدم اٹھایا۔ انہوںنے بھرپور یقین دلایاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقادتک بھرپورساتھ دیںگے، انہوںنے عدالت العظمیٰ اورعدالت العالیہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلہ جات اور احکامات پر عملدرآمد کروائیں۔اس موقع پر جموںکشمیرلبریشن لیگ کے مرکزی اور بزرگ رہنماء سردارمعروف اخترعباسی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقادسے فطری لیڈرشپ سامنے آئیگی اور تعمیروترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے ،ایک بااختیاربلدیاتی نظام آزادکشمیرکی ترقی کا ضامن ہوگا اور اس کے راستے میں رکاوٹ پیداکرنے والے ناکام ہوںگے اور وہ ہماری نئی نسل کے مجرم ہیں، معروف اخترعباسی نے کہاکہ STFاورپریس کلب نے آزادکشمیرکی سیاسی جماعتوںکو پلیٹ فارم مہیاکیاہے اور ہم اس پلیٹ فارم کی وساطت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایاجائے، اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولناٰ امتیازعباسی نے کہاکہ آزادکشمیرمیں فی الفور بلدیاتی نظام بحال کیاجائے ،اعلیٰ عدالتوںکے فیصلوںپر عملدرآمدکیاجائے اورالیکشن کو صاف و شفاف بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر بلدیاتی انتخابات کے لئے جمعیت علماء اسلام بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔ اس موقع پرمسلم لیگ ن کے رہنماء کپٹن راجہ سلیم اقبال نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان میں بلدیاتی انتخابات چاروں صوبوںمیں کروائے ہیں اور آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات کو ناگزیر سمجھتی ہے، آزادکشمیرمیں بلدیاتی نمائندوںکو بااختیاربنانے کیلئے ہم اپنابھرپورکرداراداکریںگے ،راجہ سلیم اقبال نے مزیدکہاکہ آزادکشمیرمیںتعمیروترقی کا نام ونشان نہیں ہے ،وزراء اورمشیر اللوں تللوں میں فنڈز تقسیم کررہے ہیں عوامی مسائل کے حل کی بجائے قومی خزانے کو لوٹ رہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ STF،یونین آف جرنلسٹس اور دیگرفورم مبارکبادکے مستحق ہیں اورجو تحریک سیاسی جماعتوںکو آگے بڑھ کر شروع کرناچاہیے تھے وہ ان تنظیموںنے شروع کی ہے ،ہم اس کی بھرپورحمایت کرتے ہیں، اس موقع پر سیمینار کے میزبان راجہ مہتاب اشرف خان نے کہاکہ ہماری تحریک اس وقت تک جاری رہی گی جب تک آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کاانعقادنہیں ہوجاتا ،اس دوران ہم تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام الناس تک بلدیاتی نظام کی اہمیت و افادیت کاپیغام پہنچائیںگے، راجہ مہتاب اشرف خان نے کہاکہ ہم عدلیہ کے فیصلوںکی روشنی میں آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کا بھرپورمطالبہ کرتے ہیں، سیودی فیوچر، پریس کلب دھیرکوٹ، یونین آف جرنلسٹس اوردیگرتنظیمیں اس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے اور کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریںگے، STFکے پروگرام کوآرڈینیٹر سردارعاطف نعیم نے سیمینارکے شرکاء کا شکریہ اداکیا اورکہاکہ بنیادی آئینی اور قانونی معاملات میں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے ،انہوںنے کہاکہ ہم مستقبل میں بھی بنیادی عوامی مسائل کو اجاگرکرنے کیلئے اپنے فورم کے ذریعے عوام میں شعوربیدارکریںگے۔اس موقع پر جموںکشمیرلبریشن فرنٹ کے رہنماء راجہ غلام مجتبیٰ نے آزادکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کااعلان کیاہے اور کہا ہے کہ لبریشن فرنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی،حکومت آزادکشمیر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی مطالبہ کیاکہ آزادکشمیرمیں فی الفور بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں ،حکومت آزادکشمیر باضابطہ تاریخ کااعلان کرے اور اس کیلئے ضروری اقدامات کرے۔

مزید : بین الاقوامی