مری معاہدہ , ثنا اللہ زہری کو وزیر اعلی بلوچستان بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ثنا اللہ زہری کو نیا وزیر اعلیٰ بلوچستان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں حکومت سازی سے متعلق اہم اجلاس وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، محمود خان اچکزئی ، حاصل بزنجو سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد بلوچستان میں وزرات اعلیٰ کے معاملے پر غور اور مشاورت کرنا تھا، مشاورت کے بعد ثنااللہ زہری کو بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مری معاہدہ کے تحت ڈاکٹر عبدالمالک وزیر اعلیٰ بلوچستان کے منصب پر اپنا وقت مکمل کر چکے ہیں۔ثنا اللہ زہری کی بطور وزیر اعلی بلوچستان تعیناتی کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف نےدیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدران سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق بلوچستان کی ترقی کیلئے بھر پور کوششیں جاری رکھے گا۔