پیپلزپارٹی بلا تفریق انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم اور مخلص ہے:بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی بلا تفریق انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم اور مخلص ہے:بلاول بھٹو ...
پیپلزپارٹی بلا تفریق انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم اور مخلص ہے:بلاول بھٹو زرداری

  

کراچی(نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بلا تفریق انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم اور مخلص ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی بالادستی کے لیے جدوجہد ہمیشہ جاری رہے گی۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی اور جدوجہد کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد بیشتر عرصہ آمریتوں نے اس ملک کے عوام کے انسانی حقوق کی پامالی کی ، انہیں کوڑے مارے گئے، جیلوں میں بند کیا گیا ، جلاوطنی پر مجبور کیا گیا لیکن پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ہر قسم کی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف جنگ کی ہے۔ اس جنگ میں ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی ملک میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور پوری دنیا میں انسانی حقوق کے لیے پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید : انسانی حقوق