جھنگ ، پاور پلانٹ افتتاحی تقریب میں 4 ن لیگی ایم این ایز غائب
جھنگ(ویب ڈیسک) گزشتہ روز جھنگ میں دوسرے ایل این جی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں ضلع جھنگ سے منتخب ہونے والے پانچ میں سے ن لیگ کے چارممبران قومی اسمبلی شریک نہ ہوئے جس سے حکومتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ڈیلی پاکستان کے یو ٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خصوصی طور پر شریک ہوئے اس تقریب کیلئے انتظامیہ کی جانب سے تمام ایم این ایز کو خصوصی دعوت نامے بھی جاری کئے گئے تھے جبکہ پنڈال میں ان کے لیے نشستیں بھی مخصوص کی گئیں تھیں لیکن صرف صاجزادہ نذیر سلطان تقریب میں شریک ہوئے جبکہ حلقہ این اے 87 سے منتخب ایم این اے غلام محمد لالی ، حلقہ این اے 88 سے غلام بی بی بھروانہ اور حلقہ این اے 89 سے شیخ محمد اکرم تقریب میں شریک نہ ہوئے تاہم حلقہ این اے 91 سے ایم این اے نجف عباس سیال اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج ہونے کی وجہ سے نہ آئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کی تقریب میں شریک نہ ہونے والے ایم این ایز کو سیال شریف کے گدی نشین پیر حمید الدین سیالوی کی جانب سے ختم نبوت کے معاملہ پر حکومت پنجاب سے تحفظات ہیں اور ان ایم این ایز نے اپنے استعفے بھی پیر حمید الدین سیالوی کو جمع کروا رکھے ہیں جو ممکنہ طور پر آج دھوبی گھاٹ میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں حکومت کو دینے کا اعلان بھی کر سکتے ہیں ۔ ن لیگ کے منتخب ایم این ایز کو اپنی ہی پارٹی کے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی تقریب میں شرکت نہ کرنے سے سیاسی حلقوں میں مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں۔