پرفیوم چوک دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار ،دھماکہ پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر قائد کے علاقےگلستان جوہر میں پرفیوم چوک پرایم کیوایم پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ محفل میلاد میں ہونے والا دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی،دھماکہ پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا، جائے دھماکہ سے ڈیٹونیٹر بھی مل گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق گلستان جوہر میں پرفیوم چوک پرہونے والے بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی،دھماکہ پلانٹڈ تھا اور اس دھماکے میں ڈھائی سو سے تین سو گرام بارود استعمال ہوا، جسے فٹ پاتھ پر رکھ کر سیفٹی ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا ،جائے وقوعہ سے پلاسٹک کے ٹکڑے بھی ملےہیں،جائے وقوعہ سے ایک ڈیٹونیٹربھی برآمد ہوا۔یاد رہے کہ اس سے پہلے ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ شواہد کے مطابق بظاہردھماکا کریکرکا لگتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رات ایم کیو ایم کی محفل میلاد میں دھماکے سے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے کوآرڈینیٹر سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔دھماکے کی جگہ پرگہرا گڑھا پڑگیا جبکہ شدت سے قریب کھڑی گاڑیوں کےشیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار اورخالد مقبول صدیقی اورفیصل سبزوری سمیت دیگر رہنما بھی دھماکے کے وقت محفل میں موجود تھے،تاہم تمام رہنما محفوظ رہے۔دھماکے کے فوری بعد ایم کیو ایم رہنما عامر خان اور فاروق ستار اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی خواجہ اظہارالحسن اور فیصل سبزواری کوفون کرکے خیریت دریافت کی اور زخمیوں کے مکمل علاج کی یقین دہانی کرائی۔دوسری طرف گلستان جوہرمیں ایم کیو ایم پاکستان کی محفل میلاد میں ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ سب انسپکٹر جاوید اختر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا،مقدمہ میں انسداد دہشت گردی، اقدام قتل اورایکسپلوزایکٹ کی دفعات بھی شامل ہیں،دوسری طرف سی ٹی ڈی نے دھماکے کے حوالے سے اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کراچی کے مختلف مقامات سے مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا ہے ۔