شہر قائد میں ہونے والی بارش سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ،بجلی رنگ میں بھنگ ڈالنے سے باز نہ آئی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر ہلکی اور تیز بارش سے موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں طارق روڈ، بہادرآباد، جیل چورنگی ،آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، ناگن چورنگی، لیاقت آباد، تین ہٹی، صدر، گارڈن، گلشنِ حدید، ناظم آباد، یونیورسٹی روڈ، ائیرپورٹ اور اطراف سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ایک روز تک بادل چھائے رہیں گے جبکہ پیر کو بھی بوندابادی ہوسکتی ہے۔یاد رہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں آج صبح بھی ہلکی بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار پھسل کر زخمی ہو گئے تھے تاہم موسم کی اس جھل تھل نے مرجھائے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں تاہم بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کے رنگ میں بھنگ ڈالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔