سگریٹ اور مشروبات پر گناہ ٹیکس لگانے کی سمری ای سی سی کو بھجوادی گئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سگریٹ اور مشروبات پر گناہ ٹیکس لگانے کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوادی گئی جس کے مطابق سگریٹ کے ایک پیکٹ پر 10 روپے اور مشروب کی فی بوتل پر ایک روپیہ گناہ ٹیکس لگانے کی تجویز ہے۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گناہ ٹیکس لگانے کی سمری ای سی سی میں پیش کرنے کی اجازت دے دی۔وزارت صحت کی سمری کے مطابق گناہ ٹیکس سے حاصل رقم ہیلتھ انشورنس اسکیم کیلئے استعمال کی جائے گی، ٹیکس کی رقم مہلک بیماریوں کے پروگرام کیلئے بھی استعمال کی جائے گی۔
سمری میں مو¿قف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان میں ایک کروڑ 56 لاکھ افراد تمباکو نوشی کرتے ہیں، سالانہ 143ارب 21 کروڑ روپے کی تمباکو نوشی کی جاتی ہے، پاکستان میں سالانہ ایک لاکھ 60 ہزارافراد تمباکو نوشی کے باعث ہلاک ہوتے ہیں۔سمری کے مطابق سگریٹ پرگناہ ٹیکس کے نفاذ سے تمباکو نوشی کے استعمال کو کم کیا جاسکتا ہے، پاکستان میں 2 کروڑ 74 لاکھ افراد ٹائپ ٹو ذیابیطس کا شکار ہیں، میٹھے مشروبات کے استعمال کو کم کرنے کیلئے گناہ ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے، ایف بی آر اپنے طریقہ کارکے مطابق گناہ ٹیکس وصول کرے۔