اورنگی ٹاؤن ، کچی آبادی قہونے کی وجہ سے مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں : میئر کراچی

اورنگی ٹاؤن ، کچی آبادی قہونے کی وجہ سے مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں : میئر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ اورنگی ٹاون سب سے بڑی کچی آبادی ہے اور اس کے مسائل بھی زیادہ ہیں سیوریج اور پانی کا مسئلہ زیادہ بڑا ہے جس کا بلدیہ عظمیٰ کراچی سے براہ راست تعلق نہیں اس کے باوجود کروڑوں روپے کی لاگت سے سیوریج لائن ڈال کر اس مسلے کو حل کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاون یو سی 24 منصور نگر کے علاقے میں ڈالی جانے والی 18 انچ سیوریج لائن کے معائنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے کے ممبر صوبائی اسمبلی صداقت حسین،ڈسٹرکٹ چیئرمین اظہار احمد خان، یو سی چیئرمین شکیل احمد امام اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈالی جانے والی سیوریج لائن سے اورنگی ٹاون کی پانچ سے زیادہ یونین کونسلوں کے سیوریج مسائل حل ہو گئے ہیں جو اس علاقے کے عوام کا بڑا مطالبہ اور بنیادی ضرورت تھی مگر کثیر آبادی کے اس علاقے کے اس بنیادی مسئلے کو حل کرنے کے لئے ماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔مئیر کراچی وسیم اختر نے علاقے کے اس مسلے کو حل کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پانی کی کمی کی شکایت کی۔ مئیر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مئیر کراچی کے ماتحت نہیں تاہم بلدیہ عظمی کراچی اپنے محدود وسائل کے باوجود ایسے علاقوں میں سیوریج نظام ڈال رہی ہے جہاں اس سے پہلے یہ نظام ہی نہیں تھا تاکہ شہریوں کو گلیوں میں کھڑے گندے پانی کے مسئلے سے چھٹکارا حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ 10 ماہ قبل میں نے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اس وقت ان گلیوں میں سیوریج کے پانی کی وجہ سے گزرنا مشکل تھا لہٰذا اس مسئلہ کو حل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہمارے لوگ آباد ہیں جو اس ملک کے شہری ہیں بنیادی شہری سہولیات ان کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملناچاہیے۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ خصوصا اورنگی کے بہت سارے مسائل ہیں جن کو ہم جانتے ہیں اور ان کو خود دیکھا ہے مگر سب سے بڑا مسئلہ سیوریج اور پانی کا ہے۔ منتخب نمائندوں کے شدید مطالبے اور عوام کی تکلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے بلدیہ عظمی کراچی کے وسائل سے سیوریج کے مسئلے پر ہم توجہ دے رہے ہیں تاہم پانی کا مسئلہ ہماری دسترس میں ہوتا تو اس پر بھی توجہ دیتے مگر وہ حکومت سندھ نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے میں عوام کو سہولت پہنچانے کے لئے واٹر بورڈ کے حکام سے بات کروں گا تاکہ آپ کا یہ مسئلہ بھی حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج لائن کے کام کی تکمیل کے بعد سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع ہو گا اس کے بعد آپ کا علاقہ خوبصورت ہو جائے گا۔ مئیر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن نے اس آبادی کی ترقی اور یہاں کے مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی توجہ دی ہے مگر کم وسائل میں اتنے زیادہ مسائل حل کرنے میں وقت لگے گااس کے باوجود وسائل کتنے بھی کم ہوں ہم اورنگی ٹاون کے عوام کو بے یارومدد گار نہیں چھوڑ سکتے اور آپ کے مسائل پر توجہ دیتے رہیں گے اور ایک ایک کر کے انہیں حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کے وسائل کو پورے شہر میں برابر تقسیم کر رہے ہیں تاکہ کسی علاقے کے ساتھ زیادتی نہ ہو جائے۔ ہم پورے شہر کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اورکسی کی بھی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔

Back to C