لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش،سردی کی شدت بڑھ گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کیساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا،محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب اور مالاکنڈڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کردی جب کہ ہزارہ ڈویڑن، مری اور کشمیر میں برفباری ہو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب سے شروع ہونے والی برسات صبح تک جاری رہی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ آج صبح بھی اسلام آباد اوردیگرشہروں میں سیاہ گھنے بادل چھائے رہے ہلکی بونداباندی بھی ہوئی۔لاہور میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں میں اضافہ ہو گیا۔ اقبال ٹاﺅن، یتیم خانہ چوک، وحدت قالونی اور مال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں صبح تک بارش جاری رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے چند اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متو قع ہے۔ خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان اندیشہ ہے۔ پشاور میں گزشتہ شب شروع ہونے والی برسات صبح تاک جاری رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دو روز تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔سندھ کے تمام اضلاع میں آج موسم خشک رہے گا اور آئندہ دو روز تک کہیں بھی بارش کا امکان نہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔