وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس،سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں اپیکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس ہوا جس میں حالیہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں اپیکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس ہوا جس میں کورکمانڈر کراچی، چیف سیکرٹری، صوبائی وزیر سید ناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے صوبائی سربراہان سمیت سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں 22 ویں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد، حالیہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان پر نظر ثانی، انسداد دہشتگردی کے مقدمات کی انویسٹیگیشن اور پروسیکیوشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ کبیر قاضی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی مانیٹرنگ کےلئے ورکنگ گروپ کا قیام ہو چکا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری امن و امان کی صورتحال بہتر ہے لیکن 3 واقعات بہت افسوسناک تھے، لانڈھی میں دھماکا، چائنیز قونصلیٹ پر حملہ اور گلستان جوہر میلاد کی محفل میں دھماکہ افسوسناک ہیں لہٰذا ہم سب کو سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔