ایک زمانہ تھا جب لوگ امریکا سے ڈالرز کے بیگ بھر کرلے جاتے تھے،اب چیکنگ سخت ہو گئی ہے،خواجہ حارث
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے العزیزیز ریفرنس میں حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک زمانہ تھاجب زیادہ چیکنگ نہیں ہوتی تھی،پرانے زمانے میں لوگ امریکاسے ڈالرزکے بیگ بھرکرلے جاتے تھے،اب چیکنگ سخت ہوگئی ہے ،پینٹ اورجوتے بھی اترواتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نوازشریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں،نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل جاری ہیں۔نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قطراوریواے ای کے درمیان سفر کرنے کیلئے ویزہ درکارنہیں ہوتا؟اس پر جج نے استفسار کیا کہ کیادونوں ممالک کے درمیان سفربھی راولپنڈی سے اسلام آبادآناجاناہے؟۔
خواجہ حارث نے کہا کہ ایک زمانہ تھاجب زیادہ چیکنگ نہیں ہوتی تھی،پرانے زمانے میں لوگ امریکاسے ڈالرزکے بیگ بھرکرلے جاتے تھے ،اب چیکنگ سخت ہوگئی ہے،پینٹ اورجوتے بھی اترواتے ہیں۔خواجہ حارث نے کہا کہ واجدضیاکوشواہدکے حصول کیلئے بیرون ملک خط وکتابت کااختیارتھا،یواے ای سے آنے والے ایم ایل اے کے جواب کی صداقت مشکوک ہے۔
جج ارشد ملک نے کہا کہ ایم ایل اے کاجواب جے آئی ٹی کی کارروائی کے دوران آیاتھا،جے آئی ٹی رپورٹ کے بعدحسین نوازنے تصدیق شدہ ریکارڈلینے کی کوشش کی؟خواجہ حارث نے کہا کہ حسین نواز نے ایساکوئی ریکارڈحاصل نہیں کیا۔