انتظامیہ ذمہ داریاں پوری نہیں کرتی تو لوگ عدالتوں کی طرف دیکھتے ہیں :مجیب الرحمان شامی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف دانشور مجیب الرحمان شامی نے کہاہے کہ جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل پر وزیر اعظم کونوٹس لیناچاہئے تھا، انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی تو لوگ عدالتوں کی طرف دیکھتے ہیں، قانون سازی کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار رہے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کو ماتحت عدالتوں کی کارکردگی پر بھی غور کرناچاہئے ،ہمارے ملک میں قوانین کی کمی نہیں ہے ، بات کچھ کرکے دکھانے کی ہے ، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ہائیکورٹ سے ضمانت ہوسکتی ہے ، ان کے خلاف کھینچ تان کر ایک مقدمہ بنایا گیاہے ۔ چیئر مین نیب کو ادارے کی کارکردگی پر غور کرنا چاہئے، جب تک کسی کوعدالت سے سزا نہ ملے اس کومجرم نہیں کہا جا سکتا ۔
ان کا کہناتھا کہ قانون سازی کے عمل کو جاری رکھناحکومت کی ذمہ داری ہے ، قانون سازی کے حوالے سے ڈیڈلاک برقرار رہے گا کیونکہ حکومت کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل نہیں ہے ۔ جہا نیاں میں ماں بیٹی کے قتل کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کو پہلے نوٹس لیناچاہئے تھا جو نہیں لیا گیا جبکہ چیف جسٹس نے واقعہ کانوٹس لیاہے جب انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی تو پھرلوگ عدالتوں کی طرف دیکھتے ہیں۔