پاکستان میں کبھی احتساب ہوتے نہیں دیکھا :بابر ستار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار بابر ستار نے کہاہے کہ احتساب ہونا اچھی بات ہے لیکن پاکستان میں کبھی احتساب ہوتے نہیں دیکھا بلکہ انتقامی کارروائی ہوتے دیکھی ، اگر اس دور میں کچھ مختلف ہورہا ہے تو وہ اور بات ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر ستار نے کہا کہ احتساب ہونا اچھی بات ہے لیکن اس پاکستان میں کبھی احتساب ہوتے نہیں دیکھا بلکہ انتقامی کارروائی ہوتے دیکھی ، اگر اس دور میں کچھ مختلف ہورہا ہے تو وہ اور بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کبھی سب سے زیادہ لاڈلی ہوتی تھی اورکبھی ان کے خلاف ملٹری آپریشن شروع ہوجاتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی حق یہ ہے کہ احتساب بلاامتیاز کیاجائے ، اگر ایک کوچھوڑ دیا جائے اور ایک کوپکڑ لیا جائے تو اس کو بلاامتیاز احتساب نہیں کہا جا سکتا ۔
ان کاکہناتھا کہ اگر ریاست ان لوگوں کے ساتھ بھی ایسا ہی رویہ رکھے جو حکومت میں ہےں تو پھر احتساب کے حوالے سے سوال نہیں اٹھیں گے، پاکستان میں لوگ اس لئے ٹیکس نہیں دیتے کہ دوسرے بھی ٹیکس نہیں دیتے ، تجاوزات کے خلاف کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں اوراس کی وجہ یہ ہے کہ بنیادی ایشوز پر توجہ نہیں دی جاتی ، پاکستان میں سوسائٹیاں بن جاتی ہیں ، پوری پوری زمینوں پر قبضے ہوجاتے ہیں لیکن کوئی نہیں پوچھتا ،جب یہ جگہیں تین تین ہاتھ فروخت ہو جاتی ہیں تو پھر آپریشن شروع ہوجاتے ہیں، یہ بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے جس پر کوئی توجہ نہیں دیتا ۔